Live Updates

25 سال سے انجینئرڈ انتخابات قومی سلامتی اورجمہوریت کیلئے انتہائی مہلک ثابت ہوئے ہیں

الیکشن کمیشن کا آئینی ادارہ سِول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے شکنجے میں دم توڑ رہا ہے، بلاول بھٹو جعلی مینڈیٹ سے کراچی میں جیالا میئرتو لے آئے لیکن وہاں عوام کی قسمت کھوٹی ہوگئی۔ نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 1 مئی 2025 19:34

25 سال سے انجینئرڈ انتخابات قومی سلامتی اورجمہوریت کیلئے انتہائی مہلک ..
لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مئی 2025ء) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے مِلی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر، اتحادِ اُمت کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ عارف حسین واحدی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ملکی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔

راولپنڈی میں معروف سیاسی، سماجی رہنما حافظ حسین احمد ملک کے انتقال پر تعزیت کی اور اسلام آباد میں جماعتِ اسلامی کے مرکزی رہنما اور مانسہرہ کے سابق ضلعی امیر ڈاکٹر طارق شیرازی کی عیادت کی۔ اِس موقع پر سید عارف شیرازی، سید عُزیر حامد، عثمان آکاش، پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبداللہ بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے سیاسی کارکنان اور علاقہ کے معتبر معززین، مشران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 کروڑ عوام بھارتی جارحیت، بھارت کی ہرزہ سرائی اور اُس پر طاری پاکستان فوبیا کی مزاحمت کے لیے تیار اور ہر قربانی دیں گے۔

(جاری ہے)

صرف جعفر ایکسپریس ہی نہیں پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے ہر سانحہ کے ماسٹر مائنڈز امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی ناپاک تثلیث ہے۔ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی واقعات کے ٹھوس شواہد حکومت کے پاس موجود ہیں تو اُنہیں اقوامِ متحدہ اور عالمی عدالتِ انصاف میں جانا چاہیے۔ یہ امر اب پورے خطہ اور دُنیا پر عیاں ہے کہ بھارت اور اسرائیل امریکی سرپرستی میں جنگ، نسل کُشی اور بے گناہ نہتے انسانوں کے قتلِ عام کا مکروہ کھیل کھیل رہے ہیں۔

اِن حالات میں حکومت بجلی، گیس، تیل کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دے تو عوام کے جذبہ حب الوطنی میں چار گنا اضافہ ہوجائے گا۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل گِراوٹ کا سامنا ہے، اس لیے حکومت یہ کام بلاتاخیر کرلے، ورنہ عوام کو نچوڑ کر آئی ایم ایف کی اور اپنی جیبیں بھرنے کی روِش اُسے لے ڈوبے گی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ 25 سال سے انجینئرڈ انتخابات، پہلے سے تیارشدہ جعلی نتائج اور عوامی مینڈیٹ کی چوری قومی سلامتی، جمہوریت، بنیادی انسانی حقوق کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہوئے ہیں۔

پنجاب، اسلام آباد اور کوئٹہ کے عوام بلدیاتی انتخاب، شہری حقوق سے محروم ہیں۔ الیکشن کمیشن کا قومی آئینی ادارہ مفادات، سِول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے آہنی شکنجہ میں دم توڑ رہا ہے۔ سیاسی بحرانوں کا خاتمہ ملک و مِلت کے لیے استحکام لائے گا۔ عوام کے بااعتماد جمہوری حق کی بحالی ہی عوامی اعتماد کو بحال کرے گی۔ سرمایہ دارانہ استحصالی نظام ملک کی غالب اکثریت کے وسائل اور حقوق ہڑپ کررہا ہے۔

یکم مئی یوم مزدور کو محنت کش سرمایہ دارانہ، جاگیردارانہ، مفادپرست استحصالی کرپٹ نظام کے خلاف متحد ہوجائیں۔ کِسانوں، محنت کشوں اور نوجوانوں کے لیے جماعتِ اسلامی ہی واحد بااعتماد آپشن ہے۔
لیاقت بلوچ نے کراچی میں عوامی، شہری حقوق کی پامالی، کرپشن اور بلدیاتی اداروں کی تباہی پر افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جعلی قبضہ میئرشپ ناکام ہوچکی، کراچی کے لیے حقیقی میئرشپ ضروری ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں جیالا میئر لانے کے لیے زور زبردستی جعلی اور خریدے ہوئے مینڈیٹ سے منزل تو پالی لیکن کراچی کے 3 کروڑ عوام کی قسمت کھوٹی ہوگئی۔ پیپلز پارٹی اپنی ناکامی اور نااہلی تسلیم کرے اور بلدیاتی انتخابات میں حقیقی مینڈیٹ اور حقیقی میئر کی حقیقت اور ضرورت کو تسلیم کیا جائے۔ کراچی کے باشعور عوام سے بھونڈا مذاق بند کیا جائے، کراچی کو جماعتِ اسلامی اور حقیقی مینڈیٹ ہی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرسکتا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات