Live Updates

"کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، کسی بھی مہم جوئی کا فوری اور ٹھوس جواب دیں گے"

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ، منگلا سٹرائیک کور کی مشق ہیمر سٹرائیک کا مشاہدہ کیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 1 مئی 2025 18:43

"کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، کسی بھی مہم جوئی کا فوری اور ٹھوس جواب دیں ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مئی2025ء) آرمی چیف کا کہنا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، کسی بھی مہم جوئی کا فوری اور ٹھوس جواب دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے منگلا سٹرائیک کور کی مشق ہیمر سٹرائیک کا مشاہدہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ٹلہ فائرنگ رینجز آمد پر کور کمانڈر نے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا، یہ مشق جنگی تیاری، میدانِ جنگ میں ہم آہنگی، اور جدید ترین ہتھیاروں کے نظام کی عملی یکسوئی کو جنگی حالات میں جانچنے کیلئے ترتیب دی گئی تھی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مشقوں میں مختلف جدید صلاحیتوں کا استعمال کثیر المقاصد لڑاکا طیارے، طویل فاصلے تک مار کرنے والی توپوں کا استعمال، جدید دور کی فیلڈ انجینئرنگ تکنیکیں بھی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی دستوں نے ہم آہنگ جارحانہ چالوں کے دوران غیر معمولی جنگی ہم آہنگی، پھرتی، اور مہارت کا مظاہرہ کیا، اعلیٰ پھرتی اور مہارت فوجی دستوں کی اعلیٰ تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت تھا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، جنگی مہارت اور جذبے کو سراہتے ہوئے جوانوں کو پاکستان آرمی کی عملی برتری کا عملی نمونہ قرار دیا۔ افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف سید عاصم منیر نے قوم کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ابہام نہ رہے، بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری اور ٹھوس جواب دیا جائے گا۔
                                    
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات