اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 01 مئی 2025ء) پوپ فرانسس کی رحلت اور تدفین کے بعد اب دنیا بھر میں موجود 1.4 بلین کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا یعنی پوپ کے انتخاب کا مرحلہ دریش ہے۔ اس مقصد کے لیے کارڈینلز سات مئی کو ویٹیکن کے سسٹین چیپل میں جمع ہوں گے۔ ایک نظر اُن کیتھولک مذہبی رہنماؤں پر، جو پوپ منتخب کیے جانے ممکنہ امیدوار ہیں۔
کارڈینل پیاٹو پارولین
تاریخ پیدائش: 17 جنوری 1955ء
قومیت: اطالوی
پوزیشن: پوپ فرانسس کے تحت ویٹیکن کے وزیر خارجہ
تجربہ: 70 سالہ پیاٹو پارولین ویٹی کن کے تجربہ کار سفارت کار ہیں۔ انہوں نے چین کے ساتھ بشپس کی نامزدگی کے ایک متنازعہ معاہدے کی نگرانی کی۔ وہ نائجیریا، میکسیکو اور وینزویلا میں ویٹیکن کے سابق سفیر رہ چکے ہیں۔
(جاری ہے)
کارڈینل لوئس انتونیو ٹاگلے
تاریخ پیدائش: 21 جون 1957ء
قومیت: فلپائنی
پوزیشن: پوپ فرانسس کے ماتحت انجیلی تبلیغ کے لیے پرو-پریفیکٹ، ڈیکاسٹری
تجربہ: 67 سالہ ٹاگلے منیلا، فلپائن کے سابق آرچ بشپ ہیں۔
وہ ویٹیکن میں مشنری انجیلی تبلیغ کے دفتر کے سربراہ رہے، جو زیادہ تر ایشیا اور افریقہ میں کیتھولک چرچ کی ضروریات کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ کاریتاس انٹرنیشنل کے سابق سربراہ کو ایک اچھے کمیونیکیٹر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اگر وہ پوپ منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ ایشیا سے تعلق رکھنے والے پہلے پوپ ہوں گے۔کارڈینل فریڈوناں امبونگو بیسونگو
تاریخ پیدائش: 24 جنوری 1960ء
قومیت: کانگو
پوزیشن: کنشاسا، کانگو کے آرچ بشپ
تجربہ: 65 سالہ بیسونگو افریقہ اور مڈغاسکر کی بشپ کانفرنسوں کے صدر ہیں۔
افریقہ میں بے باک رہنما، جنہیں قدامت پسند کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے ہم جنس پرستوں کے لیے دعاؤں یا برکتوں کے بارے میں فرانسس کے اعلان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہیں بین المذاہب رواداری اور سماجی انصاف کا حامی قرار دیا جاتا ہے۔کارڈینل ماتیو زوپی
تاریخ پیدائش: 11 اکتوبر 1955ء
قومیت: اطالوی
موجودہ پوزیشن: بولونیا، اٹلی کے آرچ بشپ، اطالوی بشپس کانفرنس کے صدر
تجربہ: 69 سالہ ماتیو زوپی کو پوپ فرانسس نے 2015ء میں بولونیا کا آرچ بشپ بنایا۔
وہ 'سینٹ ایجیڈیو کمیونٹی‘ سے قریبی وابستگی رکھتے ہیں جو روم میں قائم کیتھولک چیریٹی ہے۔ انہوں نے 1990ء کی دہائی میں موزمبیق کی خانہ جنگی کے خاتمے پر منتج ہونے والے مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں روس اور یوکرین کی جنگ کے لیے پوپ فرانسس کا امن مندوب مقرر کیا گیا۔کارڈینل پیٹر ایردیو
تاریخ پیدائش: 25 جون 1952ء
قومیت: ہنگری
پوزیشن: آرچ بشپ آف ایسٹرگوم-بوداپیسٹ، ہنگری
تجربہ: 72 سالہ پیٹر ایردیو کو یورپی بشپس کانفرنسوں کے گروپ کا دو بار سربراہ منتخب کیا گیا۔
وہ 2002ء میں ایسٹرگوم-بوداپیسٹ کے آرچ بشپ مقرر کیے گئے اور اس سے ایک برس بعد انہیں سابق پوپ جان پال نے کارڈینل بنا دیا۔ وہ 2005ء اور 2013ء کے کنکلیوز میں شریک ہوئے جن میں پوپ بینیڈکٹ اور پوپ فرانسس کا انتخاب ہوا۔ وہ ایک ممتاز قدامت پسند مفکر اور اسکالر ہیں۔ وہ ہنگری کی دائیں بازو کی حکومت کے قریب سمجھے جاتے ہیں لیکن تفرقہ انگیز پالیسیوں پر محتاط ہیں۔ادارت: امتیاز احمد