اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کی صوابی میں کارروائی، بدعنوانی کے الزام میں تحصیلدار اور پٹواری کو گرفتار کر لیا گیا

جمعرات 1 مئی 2025 15:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے ضلع صوابی میں کارروائی کرتے ہوئے بد عنوانی کے الزام میں تحصیلدار اور پٹواری کو گرفتار کر لیا۔ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزمان سرکاری اراضی کو جعلی انتقالات کے ذریعے غیرقانونی طور پر غیرتجارتی بنانے اور ٹیکس کی مد میں خزانے کو 6 ملین روپے کے نقصان پہنچانے میں ملوث پائے گئے. شکایات مشیر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا برائے اینٹی کرپشن مصدّق عباسی کی زیرصدارت ماہانہ کھلی کچہری میں موصول ہوئی تھیں۔

(جاری ہے)

ضلع صوابی کے سرکاری اہلکاروں پر تجارتی اراضی کو غیرتجارتی قرار دے کر ٹیکس چوری اور بدعنوانی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے انکشاف ہوا کہ ملزمان نے جعلی انتقالات کے ذریعے زمین کی درجہ بندی تبدیل کر کے سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے ایف آئی آر زیر دفعات 409، 419، 420، 471 پی پی سی اور 5(2) پی سی ایکٹ کے تحت درج کی۔ گرفتار شدگان میں تحصیلدار رزڑ صوابی عصمت اللہ وزیر اور پٹواری ارشد شامل ہیں جبکہ دیگر ملزمان گرداور سرکل شیر سِل، نقاش علی اور امتیاز علی کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔