کراچی ، شہری نے ڈکیتی کے دوران ایک اور ڈاکو ہلاک کردیا

جمعرات 1 مئی 2025 18:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء) شہر قائد میں ڈکیتی کی ایک اور واردات کے دوران شہری نے فائرنگ کرکے ڈاکو ہلاک کردیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ میں ڈکیتی اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں شہری کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا ہے، ہلاک ہونے والا ملزم پنجاب بس اڈے کے قریب اپنے ساتھی کے ساتھ لوٹ مار کررہا تھا۔

(جاری ہے)

لوٹ مار کے دوران ایک شہری نے موقع پاتے ہی اپنی پستول سے ڈاکو پر گولی چلادی جو زخمی ہوکر زمین پر گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمی ڈاکو کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج ڈاکو زیادہ خون بہہ جانے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم ابھی ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔