Live Updates

کرم ،لڑکیوں کی تعلیم کو درپیش مسائل کے حوالے سے سمٹ کا انعقاد

کرم میں جاری صورتحال ،اثرات خواتین، بچیوں اور دیگر پسماندہ طبقات پر حکومتی توجہ کا مرکز ہیں،قاسم علی شاہ ․

جمعرات 1 مئی 2025 22:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)سماجی بہبود و ترقی خواتین کے محکمے اور سول سوسائٹی تنظیم بلو وینز کے اشتراک سے ایک اہم "لڑکیوں کی تعلیم سمٹ" کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ضلع کرم میں لڑکیوں کو درپیش تعلیمی مسائل، مواقع اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کرنا تھا۔ سمٹ میں سیکھنے کی غربت کا سدباب کرنے اور متبادل تعلیمی راستوں کی تلاش پر خاص زور دیا گیا۔

اس سمٹ کی میزبانی وزیر سماجی بہبود و ترقی خواتین، قاسم علی شاہ نے کی، جب کہ وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم، فیصل خان تراکئی اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا اسمبلی، تاج محمد نے بطور شریک میزبان شرکت کی۔دیگر معزز مقررین میں شامل تھی: سیکریٹری اسپیشل برائے تعلیم، قیصر عالم، چیف خطیب خیبر پختونخوا، مولانا طیب قریشی، سربراہ یو این ویمن خیبر پختونخوا، زینب قیصر خان، پروگرام ڈائریکٹر خیبر پختونخوا کمیشن برائے خواتین، آمنہ درانی، نمائندہ ملالہ فنڈ، ندا سختان، اور چیف چائلڈ ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن کمیشن۔

(جاری ہے)

سمٹ میں 200 سے زائد شرکا نے شرکت کی، جن میں ضلع انتظامیہ، سرکاری محکمے، قومی انسانی حقوق کے ادارے، طلبہ، اساتذہ، دینی رہنما، وکلا، اراکین اسمبلی، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، میڈیا اور اقوام متحدہ کی ایجنسیاں شامل تھیں۔اپنے خطاب میں وزیر سماجی بہبود قاسم علی شاہ نے کہاکرم میں جاری صورتحال اور اس کے اثرات خواتین، بچیوں اور دیگر پسماندہ طبقات پر حکومتی توجہ کا مرکز ہیں۔

کرم کی بچیوں کو پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا۔ تعلیم کے بحران سے نمٹنے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ہر شہری کو بغیر کسی امتیاز کے اپنے بنیادی حقوق حاصل ہوں۔ یہ عزم عمران خان کے وژن اور وزیر اعلی علی امین گنڈا پور کی قیادت کی ترجمانی کرتا ہے۔وزیر تعلیم فیصل خان تراکئی نے واضح کیاضلع کرم کے تمام اسکولوں کا کھولنا، بالخصوص بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینا، حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جب تک حالات اجازت نہ دیں، بچیوں کو متبادل تعلیمی ذرائع سے جوڑنا ہمارا مشن ہے۔ ہم کسی کو پیچھے نہیں چھوڑیں گے یہی عمران خان کا وژن ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات