Live Updates

مزدوروں کے عالمی دن پر محنت کشوں کی کاوشوں اور محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی کامزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ویڈیو پیغام

جمعہ 2 مئی 2025 00:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اور محنت کشوں کی کاوشوں اور محنت کو خراج تحسین پیش کرنے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے جو معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ روایتی طور پر یہ دن مزدور تحریک کی جدوجہد اور کامیابیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے، اس سال کی تقریبات مہنگائی اور اجرتوں میں عدم مساوات پر بڑھتی ہوئی تشویش کے سائے میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوم مزدور اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ تمام مزدور چاہے وہ سرکاری شعبہ سے منسلک ہوں یا نجی شعبوں سے وابستہ ، منصفانہ سلوک، احترام اور روزی روٹی کمانے کے یکساں مواقع کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

ایم ڈی اے پی پی نے یہ بھی کہا کہ معاشی دباؤ کے جواب میں ، متعدد حکومتوں نے کم از کم اجرت کو نافذ کرنے یا ایڈجسٹ کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کوششوں کا مقصد مزدوروں کو کچھ راحت فراہم کرنا ہے ، خاص طور پر سرکاری شعبے میں ، جہاں نئے نظر ثانی شدہ کم از کم اجرت قوانین نافذ العمل ہیں۔ تاہم نجی شعبے کے بہت سے ملازمین کو اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری حکومت اور آجر دونوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اجرتیں آج کی معیشت کی حقیقت کی عکاسی کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے اس دن کا پیغام واضح ہے کہ مزدوروں کے احترام کا مطلب ایک تعطیل سے کہیں بڑھ کرسب کے لئے منصفانہ اور پائیدار مستقبل کی تعمیر ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات