انسداد سمگلنگ کارروائیوں میں 4کروڑ 83 لاکھ روپے مالیت کی منشیات پکڑی گئی

9 کارروائیوں میں 2خواتین سمیت 8ملزمان کو گرفتار کرکے 76کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرلی گئی

جمعہ 2 مئی 2025 03:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)اے این ایف نے انسداد سمگلنگ کارروائیوں میں 4کروڑ 83 لاکھ روپے مالیت کی منشیات پکڑ لی۔ترجمان کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس کا کریک ڈان جاری ہے، اس دوران 9 مختلف کارروائیوں میں 2 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرکے 4کروڑ 83لاکھ روپے مالیت کی 76کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرلی گئی۔

چکلالہ میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 26گرام ویڈ برآمد ہوئی۔ علاوہ ازیں موٹروے اسلام آباد کے قریب 2 خواتین کے بیگ سے 2 کلو ہیروئن، 3.6 کلو چرس اور 1.6 کلو آئس برآمد کی گئی جبکہ کراچی کمپنی (اسلام آباد)میں ملزم کے قبضے سے ایک کلو 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ آبپارہ مارکیٹ اسلام آباد میں واقع کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 100 گرام ہیروئن اور 560 گرام آئس برآمد ہوئی۔

برہان موٹروے انٹرچینج اٹک کے قریب گاڑی سے 500 گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ادھر ملتان میں واقع کارگو آفس میں کراچی بھیجے جانے والے پارسل سے 36 گرام کوکین برآمد کرلی گئی۔ قصور کے علاقے بھیڈیاں کلاں میں موٹرسائیکل سوار 3 ملزمان کے قبضے سے 7 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔دریں اثنا سمبڑیال سیالکوٹ میں ملزم کے قبضے سے 250 گرام چرس اور 200 گرام آئس برآمد ہوئی۔ علاوہ ازیں لسبیلہ کے غیرآباد علاقے درہ گوٹھ میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 43.2 کلوگرام چرس اور 15.8 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔