پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام دائود زئی پشاور میں یوم مزدور کے موقع پر تقریب ،ریلی

جمعہ 2 مئی 2025 13:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام دائود زئی پشاور میں یوم مزدور کے موقع پر تقریب اور پشاور پریس کلب کے باہر ریلی نکالی گئی ۔ مزدور ڈے تقریب سے سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا ،رکن صوبائی اسمبلی پی کے 82 ملک طارق اعوان ، مسلم لیگ ن ڈسٹرکٹ پشاور کے صدر راشد محمود خان بابوزئی ' فضل اللہ و دیگر نے خطاب کیا اور یو م مئی کے حوالے سے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

مقررین کا کہنا تھا کہ محنت کش ہمارے ملک کی خاموش طاقت ہے جو اپنی محنت سے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن کررہے ہیں یکم مئی ہمیں شکاکو کے مزدوروں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ان کی یہ قربانیاں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی ۔ دوسری جانب مسلم لیگ کے مرکزی رہنماء اور ممبر صوبائی اسمبلی ملک طارق اعوان کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے ریلی نگالئی گئی ، ریلی کے شرکاء نے یوم مزدور کی مناسبت سے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ شدید نعرے بازی بھی کی، ریلی کے شرکاء نے مزدوروں کے حقوق پر روشنی ڈالی، ممبر صوبائی اسمبلی ملک طارق اعوان نے اپنے خطاب میں یوم مزدور کے موقع پر محنت کشوں کی لا زوال جہدوجہد اور قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ مزدور دنیا کے کسی بھی خطے سے تعلق رکھتا ہو پاکستان ہو یا شکاگو ہمارے لئے قابل قدر ہے، بد قسمتی سے ماضی میں مزدوروں کو ان کے جائز حقوق نہیں دیئے گئے ہیں یہاں بھی سرمایہ دارانہ اور جاگیر دارانہ نظام نے نہ عوام کو صحیح معنوں میں ان کو حقوق دیئے نہ ہی مزدوروں کو حق ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی حکومت مزدوروں کو حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے گی جبکہ ان کو سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائیگا ۔