کلین لاہور مشن، ڈی سی لاہور کا تحصیل نشتر ٹائون کا دورہ، صفائی و سیوریج آپریشنز کا جائزہ لیا

جمعہ 2 مئی 2025 13:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں شہر کو صاف اورخوبصورت بنانے کے لیے مہم جاری ہے۔ترجمان کے مطابق اس سلسلہ میں ڈی سی لاہور نے تحصیل نشتر کے مختلف علاقوں گجومتہ، کاہنہ، کماہہ اور گرد و نواح کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم آسی اور دیگر افسران ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈی سی لاہور نے صفائی، سیوریج آپریشنز اور تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے کوڑا کرکٹ، سیوریج مسائل اور ناجائز تجاوزات کے خلاف اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے کلین لاہور مشن کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی نے ایل ڈبلیو ایم سی کو ہر گلی ،محلے میں مکمل صفائی ستھرائی یقینی بنانے اورواسا کو سیوریج ونکاسی آب کے مسائل کے فوری حل کی ہدایت دی ۔

انہوں نے کہا کہ گھر گھر کوڑا کلیکشن کا نظام مزید موثر بنایا جائے اور شہری علاقوں سے جھگیوں ومویشیوں کی منتقلی کے عمل کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے سیوریج لائنوں کی مرمت، بہتری اور ان کی مسلسل نگرانی کو بھی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ڈی سی لاہور نے متعلقہ محکموں کو صفائی کے امور روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کو ماڈل صاف شہر بنانے کے لیے مشترکہ کاوشیں ضروری ہیں۔