ملتان ریجن پولیس کے 60 افسران و اہلکاروں کی ترقیاں

جمعہ 2 مئی 2025 14:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) ملتان ریجن پولیس پرموشن بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس مین 60 افسران و اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دےدی گئی۔ترجمان پولیس کے مطابق آر پی او ملتان کیپٹن(ر) محمد سہیل چوہدری کی زیر صدارت پولیس لائنز میں ملتان ریجن پولیس کا تیسرا پروموشن بورڈ اجلاس منعقد ہوا۔جس میں سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر ، ڈی پی او خانیوال ، ڈی پی او وہاڑی اور ڈی پی او لودھراں شامل ہوئے ۔

دوران اجلاس ملتان ریجن پولیس کے 20 ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 20 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹرز کے عہدوں اور 20 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبلز کے عہدوں پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آر پی او نے کہا کہ ملتان ریجن پولیس کے 60 افسران و اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے، ترقی ہر پولیس افسر کا حق ہے، میرٹ اور سنیارٹی لسٹ کے مطابق ترقی کے عمل کو مکمل کیا گیا ہے،بورڈ کی منظور ی سے پروموشن دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کریمنل کیسز اور بڑی سزا کے حامل پولیس افسران کو ترقی نہیں دی گئی،میرٹ ، شفافیت ا ور سابقہ ریکارڈ ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں ملتان ریجن پولیس میں 2487 ترقیاں ہوئیں جو گزشتہ 13 سال میں دی گئی ترقیوں کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ پولیس میں پروموشن کا سلسلہ بلاتاخیر جاری ہے،ترقی پانے والے پولیس افسران کو جلد رینک لگانے کی تقریب منعقد کی جائے گی۔