خدمت انسانیت کا بہترین ذریعہ خون کا عطیہ دینا ہے ،آر پی اوساہیوال

جمعہ 2 مئی 2025 14:50

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) آر پی او ساہیوال محبوب رشید نے کہا ہے کہ خدمت انسانیت کا بہترین ذریعہ خون کا عطیہ دینا ہے۔ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لئے درکار خون کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے پیش نظر عوام سے دردمندانہ اپیل ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں خون کا عطیہ کرنے کے اس کارخیر کے متعلق شعور بیدارکریں اور اس سلسلہ میں پھیلی ہوئی غلط فہمیوں کا انسداد کریں تاکہ عوام مریضوں اور تھیلیسیمیاکا شکار بچوں کیلئے خون کا عطیہ کرنے کے حوالے سے تذبذب کا شکار نہ ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار الخدمت ہسپتال ساہیوال میں بلڈبنک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر شاہد نذیر، جماعت اسلامی کے رہنما طیب محمود بلوچ، چیئرمین الخدمت ہسپتال ڈاکٹر انوار الحق شیخ اور ہسپتال کے ڈاکٹرز اور نرسز کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ آرپی او محبوب رشید نے الخدمت ہسپتال کی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے کارکردگی کو سراہا اورامید ظاہر کی کہ آئندہ بھی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھاجائے گا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر شاہد نذیر نے مہمان خصوصی آرپی او محبوب رشید کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔\378