ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی زیر صدارت آم میلہ اور ہنڈی کرافٹ ایکسپو 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس

جمعہ 2 مئی 2025 15:24

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) مٹیاری میں ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ کے زیر صدارت دوسرے آم میلہ اور ہنڈی کرافٹ ایکسپو 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم اجلاس لطیف ہال ڈپٹی کمشنر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 1 نور احمد کھہرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 2 اقرا جنت اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبد الستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد شاہ رخ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پیر غلام حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رفیق جمالی کے علاوہ محکمہ زراعت، تعلیم، صحت، لائیو سٹاک، پولیس، بلدیہ، آبپاشی، خواتین کی ترقی، سوشل ویلفیئر، فاریسٹ، انفارمیشن، سٹیٹ بینک، موٹروے پولیس، ہائی ویز، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، سوشل فاریسٹری، سیپکو، محکمہ ثقافت، اور دیگر اداروں کے نمائندے موجود تھے، جنہوں نے تیاریوں کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز اور رپورٹس پیش کیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے اس ایونٹ کو مٹیاری کے لیے ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ آم میلہ اور ہنڈی کرافٹ ایکسپو ایک شاندار ثقافتی اور زرعی نمائش ہوگی جو مقامی پیداوار، ہنر اور سیاحت کو فروغ دے گی۔ انہوں نے تمام شرکا کو ہدایت کی کہ وہ مکمل لگن، محنت اور باہمی تعاون سے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ میلہ نہ صرف مٹیاری کی پہچان کو اجاگر کرے گا بلکہ یہاں کے کاشتکاروں، ہنر مندوں اور چھوٹے کاروباری افراد کو قومی سطح پر اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا بھی موقع فراہم کرے گا۔ مٹیاری آم کی اعلیٰ کوالٹی اور منفرد ذائقہ کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے، اور یہ ایونٹ اس کی عالمی سطح پر تشہیر کا بہترین ذریعہ بنے گا۔ اجلاس میں مختلف انتظامی اُمور، سکیورٹی، صفائی، میڈیا کوریج، سٹالز کی تقسیم، اور مہمانوں کی آمد و رفت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مقررہ وقت میں تیاریوں کو مکمل کریں تاکہ آم میلہ اور ہنڈی کرافٹ ایکسپو 2025 کو نہ صرف یادگار بلکہ ایک مثالی ایونٹ بنایا جا سکے، جو مٹیاری کے عوامی تشخص اور ثقافتی سرمائے کو اجاگر کرے۔