سکھر پولیس نے 2ملزمان کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار

جمعہ 2 مئی 2025 21:25

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)ترجمان سکھر پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایات پر سماج دشمن عناصر کے خلاف ضلعی پولیس کی مؤثر کارروائیوں کے دوران پولیس مقابلوں میں مزید دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ دادلوئ معمول کے گشت پر تھے کہ رات گئے ملا علی لنک روڈ پر چار مسلح افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی،جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جس کی شناخت امتیاز ولد ممتاز چاچڑ سکنہ گھوٹکی کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ملزم کے قبضے سے ایک عدد ٹی ٹی پستول برآمد ہوا جبکہ تین ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ دوسرا پولیس مقابلہ تھانہ ائر پورٹ کی حدود میں ہوا جہاں ایس ایچ او گشت کے دوران جاگیر موڑ پر پہنچے تو وہاں کسی واردات کے ارادے سے کھڑے تین ملزمان نے پولیس کے للکارنے پر ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس میں محمد قاسم ولد نور محمد چاچڑ نامی ملزم سکنہ دڑی چاچڑ گھوٹکی زخمی ہوگیا جبکہ دو ملزمان فرار ہوگئے ملزم کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور تین گولیاں برآمد ہوئیں۔دونوں زخمی ملزمان کو پولیس کی تحویل میں طبی امداد کے لیے اسپتال داخل کرادیا گیا ہے۔