پولیس نے پشاور سے سیالکوٹ لائی جانے والی منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کر لی

جمعہ 2 مئی 2025 20:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) سیالکوٹ پولیس نے پشاور سے سیالکوٹ لائی جانے والی منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کر لی۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی منشیات فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایات پر صدر سیالکوٹ پولیس نے ایس ایچ او انسپکٹر غازی میاں عبدالرزاق کی زیرنگرانی لیڈی پولیس کے ہمراہ محلہ سالو گجر کی رہائشی خاتون منشیات فروش شمع بی بی کو گرفتار کیا ۔

ملزمہ کے قبضہ سے 27 کلو منشیات برآمد کی گئی ،برآمد کی گئی منشیات میں 8 کلو افیون، 6 کلو آئس، 6 کلو ہیروئن اور 7 کلو چرس شامل ہیں۔ برآمد کی گئی منشیات کی قیمت تین کروڑ سے زائد بتائی جا رہی ہے ۔خاتون منشیات فروش کے قبضہ سے فروخت کی جانے والی منشیات کی رقم 10 لاکھ 42 ہزار روپے بھی برآمد کئے گئے۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمہ نے دوران تفتیش بتایا کہ پشاور سے منشیات لا کر سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنا تھی ۔

ملزمہ کے خلاف پہلے بھی منشیات فروشی کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ منشیات کی کھیپ کی برآمدگی سے منشیات کی سپلائی کی بڑی چین کو بریک کر دیا گیا ہے اور مزید کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔ڈی پی او نے پولیس ٹیم کے لئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد رقم کا اعلان کیا ہے۔