Live Updates

یو این چیف انڈیا پاکستان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے، ترجمان

یو این ہفتہ 3 مئی 2025 08:30

یو این چیف انڈیا پاکستان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے، ترجمان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 03 مئی 2025ء) اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفین ڈوجیرک نے کہا ہے کہ ادارے کے سربراہ انتونیو گوتیرش انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں ممالک کی قیادت کے ساتھ رابطہ کرتے رہیں گے۔

جمعہ کو اپنی معمول کی پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ دنیا میں کہیں بھی تناؤ کی کیفیت میں اقوام متحدہ کے سربراہ فریقین سے رابطہ کرتے ہیں تاکہ اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے اور اس حوالے سے اپنے دفتر کی خدمات پیش کرتے ہیں، ایسا ہی انڈیا اور پاکستان کے معاملے میں بھی کیا جا رہا ہے۔

ترجمان سے جب پوچھا گیا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کی طرف سے سیکرٹری جنرل کو ثالثی کرنے کی درخواست کی گئی ہے تو کیا اس پر انڈیا کی طرف سے کوئی جواب آیا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ثالث تب ہی کوئی کردار ادا کر سکتا ہے جب دونوں فریقین اسے قبول کریں۔

(جاری ہے)

جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر 22 اپریل کو ہوئے دہشت گرد حملے میں 26 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد دونوں ہمسایہ ملکوں میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات