عوامی مسائل کا حل اور ضلع کی ہمہ جہت ترقی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری

ہفتہ 3 مئی 2025 13:55

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیو اسٹاک سردار عاصم شیر میکن نے کہاہے کہ عوامی مسائل کا حل اور ضلع کی ہمہ جہت ترقی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ضلعی افسران پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کو شفاف انداز میں مکمل کریں اور فیلڈ میں خود جا کر مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کے تحت سرگودہا کو غیر معمولی اہمیت دی گئی ہے، جس سے علاقے کی تقدیر بدل سکے گی ۔انہوں نے جاری منصوبوں کی رفتار اور معیار پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق سکیموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیو اسٹاک و رکن پنجاب اسمبلی سردار عاصم شیر میکن کی زیر صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، مختلف محکموں کی جاری سکیموں و نئے مالی سال کے لیے مجوزہ ترقیاتی منصوبہ جات اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی ترقیاتی پیکیج پر بریفنگ میں بتایا گیاکہ آئندہ مالی سال کے لیے مختلف شعبہ جات میں ترقیاتی سکیمیں تجویز کی گئی ہیں جن میں تعلیم، صحت، آبپاشی، انفراسٹرکچر و دیگر شامل ہیں۔

انچارج سیکورٹی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور جرائم کے تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔آخر میں مختلف محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی، درپیش مسائل اور آئندہ کے اہداف پر روشنی ڈالی گئی۔