Live Updates

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے 300 نئی ایمبولینسز خریدنے کی منظوری دی ہے‘خواجہ سلمان رفیق

ہفتہ 3 مئی 2025 16:02

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے 300 نئی ایمبولینسز خریدنے کی منظوری دی ہے‘خواجہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بین الاقوامی یوم فائرفائٹرز کی مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔تقریب کا مقصد جانوں کا تحفظ کرنے والے فائرفائٹرز کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے کیا گیا۔

ریسکیو کے شہداء کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور دعا مغفرت بھی مانگی گئی۔2024 کے بیسٹ فائر فائٹرز کو دو اضافی تنخواہیں اور یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے ریسکیوئرز عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر لازوال خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ریسکیوئرز کی لازوال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پنجاب کے ریسکیوئرز پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ کئی ریسکیو آپریشنز کا حصہ رہ کر ریسکیوئرز کی خدمات کو موقع پر سراہا ہے۔ 2010 کے سیلاب میں ریسکیوئرز نے مشکل میں پھنسے ہزاروں افراد کی مدد کی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ایئر ایمبولینس سروس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن تھا۔ موٹر وے پر ایمرجنسی سروسز کامیابی سے جاری ہیں۔ڈاکٹر رضوان نصیر کی خدمات کو بھی سراہتے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حال ہی میں 300 نئی ایمبولینسز خریدنے کی منظوری دی ہے۔فائر ریسکیو سروس نے 260,830 آگ لگنے کے واقعات میں عوام کو 716 ارب کے نقصانات سے بچایا ہے۔

ریسکیو 1122 کے 24 شہداء قوم کے عظیم ہیرو ہیں۔ پنجاب کمیونٹی سیفٹی بلڈنگز ریگولیشنز 2022 پر 100 فیصد عملدرآمد ضروری ہے۔ سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریسکیوئرز اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی زندگیاں بچاتے ہیں۔ بلند و بالا عمارات میں فائر ہائیڈرنٹس، الارم سسٹمز، ایگزٹ اور سیڑھیاں لازمی لگائیں۔

فائرفائٹرز جلتی عمارتوں میں جا کر زندگیاں بچانے والے ہمارے ہیروز ہیں۔ بین الاقوامی یوم فائرفائٹرز کی تقریب میں ریسکیو افسران، کیڈٹس اور بہترین ریسکیورز نے شرکت کی۔محمد ثقلین اعظم کو بہترین فائر ریسکیور اور منیب اظہر کو بہترین لیڈ فائر ریسکیور قرار دیا گیا۔ڈویژنل سطح پر بہترین فائر اور لیڈ فائر ریسکیوئرز کو اسناد و نقد انعامات دیئے گئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات