صحافت اور مہمان نوازی سے متعلق دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد

ورکشاپ میںہوٹل و ریسٹورنٹس، ٹریول ایجنسیز ، ٹورازم ڈیپارٹمنٹ سوات یونیورسٹی کے طلباء و طالبات، صحافی برادری، مردو خواتین کی شرکت، ٹریننگ میں شریک شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے آئی ٹی کے دور میں سیاحت سے منسلک تمام سٹیک ہولڈرز اور نوجوانوں کیلئے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی ٹریننگ وقت کی ضرورت ہے، وی سی سوات یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر

ہفتہ 3 مئی 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام سوات یونیورسٹی میںشعبہ سیاحت سے منسلک سٹیک ہولڈرز، طلباء و طالبات ، ہوٹل و ریسٹورنٹس اور صحافی برادری کیلئے منعقدہ دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ اختتام پذیرہو گئی۔ اختتامی تقریب کے موقع پر وائس چانسلر سوات یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر مہمان خصوصی تھے ۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان ،ڈپٹی کنٹرولر محمد تنویر، منیجر ریگولیشن ذیشان مجید، ڈپٹی منیجر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس شاہد رضا ، ہیڈ آف ٹورازم ڈیپارٹمنٹ سوات یونیورسٹی ڈاکٹر ذرآور خان ، پرووسٹ سوات یونیورسٹی فدا حسین ،ڈاکٹر عاطف اوردیگرفکلٹی ممبران موجودتھے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر سوات یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم دیگر ممالک کی سیاحت و ثقافت کو انٹرنیٹ پر دیکھتے ہیں ہم اسی سے فائدہ اٹھا کر اپنے سیاحتی مقامات اور ثقافت کو فروغ دے سکتے ہیں۔

ڈائریکٹر ایڈمن اینڈفنانس خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں سیاحت سے منسلک تمام سٹیک ہولڈرز اور نوجوانوں کیلئے سیاحت کی انڈسٹری سے متعلق مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی ٹریننگ وقت کی ضرورت تھی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے سوات میں ٹریننگ رکھی۔

حکومت سیاحت کیلئے شندور پولوفیسٹیول،کیلاش کاروایتی چلم جوش تہوار سمیت کئی بڑے میلوں کا انعقاد کرتی ہے جس کیلئے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح نہ صرف ان مقامات کا رخ کرتے ہیں بلکہ کئی ماہ قبل کیلئے اپنے ٹوور پلان کرتے ہیں۔ ٹریننگ میں پہلے روز آپس کی کمیونیکیشن اور دنیا کیساتھ کس طرح چلنا ہے اس سے متعلق ٹریننگ دی گئی جبکہ دوسرا روز ڈیجیٹل ٹول کا استعمال اور اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاحت کی دنیا میں ترقی کی جانب گامزن ہونا تھا۔

دنیا اب آرٹیفشل انٹیلی جنس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی طرف گامزن ہے اس وجہ سے سیاحوں کو بہترین اور اہم معلومات کی بروقت فراہمی کیلئے ہوٹل، ریسٹورنٹس، ٹریول ایجنسی، سیاحت و مہمان نوازی کے شعبہ سے منسلک طلبہ، وی لاگرز ، یوٹیوبرزاور دیگر مردو خواتین اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں وائس چانسلر سوات یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر اور ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان نے تمام شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔

وائس چانسلر سوات یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حسن شیرنے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی میں سیاحت سے متعلق ٹریننگ سیشن رکھنے پر خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے شکر گزار ہیں۔یہاں سیاحت کا الگ ڈیپارٹمنٹ موجود ہے جہاں طلباء و طالبات کو سیاحت کے شعبے سے متعلق تعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے ۔ ہماری خواہش ہے کہ امسال عالمی یوم سیاحت کا دن سوات یونیورسٹی کیساتھ مل کرمنایا جائے اور مستقبل کیلئے مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کئے جائینگے جس سے مختلف پروگرام تشکیل دینے میں مدد مل سکے۔