نیشنل ختم نبوت مومنٹ ورلڈ کے مرکزی قائدین کا سنیٹر پروفیسرساجدمیر کی وفات پراظہار تعزیت

ہفتہ 3 مئی 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2025ء) انٹر نیشنل ختم نبوت مومنٹ ورلڈ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ،مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج، مولانا عبدالرئوف مکی،ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی ، مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،معاون خصوصی امیر مرکزیہ مولانا محمد بن سعید، مرکزی ترجمان مولانا مجیب الرحمن،مولانا قاری محمد طیب عباسی، مولانا محمد امداد اللہ قاسمی، مولانا قاری شبیر احمد عثمانی، مولانا قاری محمد رفیق وجھوی اور مولانا غلام یاسین صدیقی نے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سنیٹرپروفیسر ساجدمیر کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سچے عاشق رسولﷺ اور علم و عمل کے پیکر تھے، مرحوم کی تمام زندگی عقیدہ ختم نبوت اورعظمت صحابہ واہل بیت کے تحفظ، دینی ومذہبی قوتوں کے شانہ بشانہ، ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام کے عملی نفاذ، وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت،درس و تدریس،اسلام کی اشاعت اور باطل قوتوں کے خلاف جدوجہد میں گزری۔

(جاری ہے)

مرحوم کی اسلام اور ملک و قوم کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، ان کی وفات سے ملک ایک جید عالم دین اورمحافظ ختم نبوت سے محروم ہوگیا۔نیشنل ختم نبوت مومنٹ ورلڈ کے مرکزی قائدین نے کہا کہ وہ مرحوم کے لواحقین ،ورثا اورمرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے قائدین و کارکنو ں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے مرحوم کے لیے جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔