Live Updates

عوام کی حمایت حاصل ،تحریک انصاف کو کسی سہارے کی ضرورت نہیں‘رانا جاوید عمر

اصلی عوامی مینڈیٹ کے ساتھ آنے والی حکومت ہی ملک کو درپیش سنگین بحرانوں سے نکال سکتی ہے

اتوار 4 مئی 2025 10:55

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رانا جاوید عمر نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف پاکستان میں وفاق کی علامت ہے، آج یہ پاکستان کی واحد قومی جماعت ہے جسے چاروں صوبوں کے عوام کی حمایت حاصل ہے جبکہ صرف اصلی عوامی مینڈیٹ اور عوامی حمایت کے ساتھ آنے والی حکومت ہی ملک کو درپیش سنگین بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ الحمدللہ تحریکِ انصاف کو کسی سہارے کی ضرورت نہیں۔ الیکٹیبلز کمزور جماعتوں کی مجبوری ہوتے ہیں۔ تحریکِ انصاف ایک ایسی نظریاتی تحریک ہے جس نے شدید ریاستی جبر، غیر آئینی ہتھکنڈوں کے باوجود ثابت کیا ہے کہ وہ ایک ناقابلِ شکست اور مضبوط ترین جماعت ہے۔ ہماری اصل طاقت عوام کی وہ بیداری ہے جو کسی سیاسی مصلحت کی مرہونِ منت نہیں۔

(جاری ہے)

رانا جاوید عمر نے کہا کہ ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا ہے، ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور دہشت گردی کے شدید بحرانوں سے نکالنے کے لئے ایک ایسی سیاسی جماعت کی ضرورت ہے جو عوام کی تائید کے ساتھ ملک میں آئین قانون کی حاکمیت قائم کر سکے اور اس کے لئے سخت ادارہ جاتی اصلاحات کر سکے۔ اور صرف تحریکِ انصاف ہی یہ کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن کو ترجیح دیتا ہے لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کے پاس ہر وہ صلاحیت موجود ہے جس سے وہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے سکتا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات