کراچی،سفید کار گینگ کی بڑی واردات، جعلی پولیس اہلکاروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے سے محروم کر دیا

ایک ملزم پولیس کی وردی میں ملبوس تھا جب کہ دو دیگر ملزمان نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی،متاثرہ شہری نے رسالہ تھانے میں ابتدائی درخواست جمع کرا دی

اتوار 4 مئی 2025 15:55

کراچی،سفید کار گینگ کی بڑی واردات، جعلی پولیس اہلکاروں نے شہریوں کو ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)کراچی کے ڈسٹرکٹ سٹی میں جعلی پولیس اہلکاروں نے ایک بار پھر قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔ سفید رنگ کی ایک کار میں سوار تین ملزمان نے چھ شہریوں کو لوٹ کر لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ واردات کی ویڈیو اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں سفید گاڑی کو متاثرہ شہری کا تعاقب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

واردات میں شامل ایک ملزم پولیس کی وردی میں ملبوس تھا جب کہ دو دیگر ملزمان نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔ تینوں نے تلاشی کا بہانہ بنا کر شہریوں کی گاڑی کو روکا اور اسلحہ نکال کر انہیں خوفزدہ کر دیا۔ملزمان نے متاثرہ شہریوں سے زبردستی 200 امریکی ڈالر، قیمتی انگوٹھیاں، موبائل فونز، 52 ہزار روپے نقد، اور چھ عدد پاسپورٹ چھین لیے۔

(جاری ہے)

واردات نہایت منظم طریقے سے کی گئی اور ملزمان کارروائی مکمل کرنے کے بعد سفید کار میں فرار ہو گئے۔

متاثرہ شہری نے فوری طور پر رسالہ تھانے میں ابتدائی درخواست جمع کرا دی ہے۔ پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔شہریوں نے واردات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے جعلی پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان وارداتوں کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔یاد رہے کہ کراچی میں اس نوعیت کی وارداتیں پہلے بھی ہو چکی ہیں، جہاں جعلی وردی اور جعلی پولیس گاڑیوں کا استعمال کر کے شہریوں کو لوٹا جاتا ہے۔ پولیس حکام نے کہا کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔