بھارتی فوجی گاڑی حادثے کا شکار،3 اہلکار ہلاک، ناقص دیکھ بھال اور لاپرواہی بے نقاب

ایک ہفتے کے دوران فوجی قافلوں میں 27 سے زائد حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں ، رپور ٹ

اتوار 4 مئی 2025 16:20

بھارتی فوجی گاڑی حادثے کا شکار،3 اہلکار ہلاک، ناقص دیکھ بھال اور لاپرواہی ..
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں بھارتی فوج کی ایک اور لاپرواہی نے تین اہلکاروں کی جان لے لی۔ جموں سے سرینگر کی جانب جانے والی ایک فوجی جیپ 700 فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اوردیگر زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق حادثہ گاڑی کے ’’ٹائی راڈ‘‘ میں اچانک خرابی کے باعث پیش آیا۔

(جاری ہے)

یہ حادثہ قدرتی پھسلن یا موسمی حالات کی وجہ سے نہیں بلکہ بھارتی فوج کی مکینیکل لاپرواہی کا نتیجہ تھا۔ حادثے کے بعد بھی بھارتی فوج کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی، جس سے جواب دہی کی شدید کمی ظاہر ہوتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کی گاڑیوں کی ناقص دیکھ بھال سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ محض ایک ہفتے کے دوران فوجی قافلوں میں 27 سے زائد حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت تکنیکی خرابیوں کے باعث پیش آئے۔