Live Updates

مودی کو خبردار کرتا ہوں پیار کرو گے تو پیار کریں گے، آنکھیں دکھا گے تو آنکھیں نکال لیں گے،گورنرسندھ

ہماری افواج کا ریکارڈ ہے جو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے اسے گرانا جانتے ہیں، دشمن کو معافی مانگنے پر چائے پلانا بھی جانتے ہیں،کامران ٹیسوری

اتوار 4 مئی 2025 15:55

مودی کو خبردار کرتا ہوں پیار کرو گے تو پیار کریں گے، آنکھیں دکھا گے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پیار کرو گے تو پیار کریں گے اور اگر آنکھیں دکھائو گے تو آنکھیں نکال لیں گے، ہماری افواج کا ریکارڈ ہے جو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے اسے گرانا جانتے ہیں، دشمن کو معافی مانگنے پر چائے پلانا بھی جانتے ہیں۔گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان آج معاشی و معاشرتی بحران سے گزر رہا ہے جبکہ اپنی معاشی اڑان اڑنے کی کوشش کر رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری لانے کیلیے کوشاں ہیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان معاشی اڑان بھرتا ہے تو بھارت سازشیں شروع کر دیتا ہے، بلوچستان میں دہشتگردی اور جعفر ایکسپریس پر حملے میں بھارت ملوث ہے، وہ سازشوں میں ناکام ہوا تو اس نے پاکستان کے حصے کا پانی بند کر دیا، بھارت کی گھنانی سازش کے خلاف احتجاج اور پاک فوج کا ساتھ دینا ہے، بھارت کی مہم جوئی پر عوام پاک فوج کے ساتھ ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری افواج کا ریکارڈ ہے جو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے اسے گرانا جانتے ہیں، دشمن کو معافی مانگنے پر چائے پلانا بھی جانتے ہیں، 1947 سے آج تک بھارت پاکستان کے ایک انچ پر بھی نظر نہیں ڈال سکتا، جب جب بھارت نے پاکستان پر میلی نظر ڈالی اسے منہ کی کھانی پڑی۔تقریب میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کو آزاد ہوئے 77 سال ہوگئے ہیں ہمیں اپنی منزل تلاش کرنی ہے، گولڈ میڈل اور ڈگریاں حاصل کرنے والی بچیاں ملک کیلیے کردار ادا کریں، تعلیم یافتہ بچیوں کو گھروں میں نہ بٹھائیں ان کو آگے بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں موجود مائوں کو کہوں گا کہ کئی بہنیں آپ کے گھر بہو بن کر آئیں گی، آپ نے انہیں سپورٹ کرنا ہے ان کو آپ کی مدد کی ضرورت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جناح یورنیورسٹی کا نام قائد اعظم کے نام پر رکھا گیا، قائد اعظم کے شانہ بشانہ فاطمہ جناح کھڑی رہیں اور پاکستان کیلیے جدوجہد کی، اگر فاطمہ جناح کھڑی نہ ہوتیں تو جدوجہد پاکستان میں مشکلات ہوتیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات