Live Updates

اشتراک سے بزنس ماڈلز کو بدلتے رجحانات کے مطابق بنانے میں مدد ملے گی،مینو فیکچررز ، برآمدکنندگان ،اکیڈیمیا تربیتی پروگراموں میں شمولیت اختیار کریں، چیئر پرسن سی ٹی آئی

اتوار 4 مئی 2025 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے مینو فیکچررز ، برآمدکنندگان اور نیشنل کالج آف آرٹس کے اکیڈیمیا کو انسٹی ٹیوٹ کے تربیتی پروگراموں اور صنعت سے جڑے منصوبوں میں اپنی استعداد کے مطابق شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جاری اور نئے بزنس ماڈلز کو بدلتے رجحانات کے مطابق عروج دینے میں مدد ملے گی ۔

اتوار کو ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا کہ تربیتی پروگراموں میں شمولیت کرنے والوں کا بھرپور خیر مقدم اور انہیں بزنس ماڈلز کے حوالے سے ہر طرح کی معاونت اور سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کامقصد مشترکہ کاوشوں سے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو ترقی دینا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مینو فیکچررز ، برآمدکنندگان اور نیشنل کالج آف آرٹس کے اکیڈیمیاکی فعال شمولیت سے انسٹی ٹیوٹ کو نئی جہتوں پر کام کرنے اور اپنی موجودہ کوششوں کو بڑھانے میں مدد ملے گی ،اس تعاون سے نہ صرف ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت استفادہ کرے گی بلکہ یہ نیشنل کالج آف آرٹس جیسے ادارے کے لئے بہترین تجربہ ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے باعث فخر ہے کہ ہم ان باصلاحیت پیشہ ور افراد کو کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فیملی میں شمولیت کی دعوت دے رہے ہیں،یہ پاکستان کا واحد ادارہ ہے جو 2008 سے تسلسل کے ساتھ تربیتی پروگرامز چلا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صنعت اور تعلیمی اداروں کا یہ اشتراک نہ صرف قومی تعمیر میں مددگار بلکہ قالین سازی کی صنعت میں معیار اور جدت لانے کے لیے ایک مضبوط قدم ہو گا۔ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ مستقبل میں بھی اس تعاون کو جاری رکھتے ہوئے انسٹیٹیوٹ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم رکھتا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :