ٹرمپ کے سکیورٹی ایڈوائزرکی خفیہ میسیجنگ ایپ ہیک، حساس معلومات لیک ہونے کا خدشہ

ہیکر نے دعوی کیا کہ یہ عمل صرف15 سے 20 منٹ میں مکمل ہوا اور اس میں زیادہ محنت نہیں لگی،غیرملکی میڈیا

پیر 5 مئی 2025 15:51

ٹرمپ کے سکیورٹی ایڈوائزرکی خفیہ میسیجنگ ایپ ہیک، حساس معلومات لیک ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیک والٹز، کی جانب سے استعمال کی جانے والی ایک سگنل طرز نامی میسجنگ ایپ کو ہیک کر لیا گیا ، جس کے نتیجے میں حساس حکومتی معلومات ہیک ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔غیرملکی نشریاتی ادارے میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک نامعلوم ہیکر نے TeleMessage نامی ایپ کو ہدف بنایا، جو سگنل کی طرز پر تیار کی گئی ہے تاہم اس میں پیغامات کو محفوظ کرنے (archiving) کی اضافی صلاحیت موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ایپ امریکی سرکاری اداروں اور افسران کی جانب سے بڑے پیمانے پر استعمال کی جاتی ہے تاکہ ریکارڈ محفوظ رکھنے کے قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔ تاہم ہیکنگ کے اس واقعے نے ان پیغامات کی حفاظت کے طریقہ کار پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی میڈیا کے مطابق ہیکر نے یوزرنیمز، پاس ورڈز، بیک اینڈ پینل تک رسائی، اور چیٹ کے اقتباسات چرائے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہیکر نے دعوی کیا کہ یہ عمل صرف15 سے 20 منٹ میں مکمل ہوا اور اس میں زیادہ محنت نہیں لگی۔ہیکر نے ٹیلی میسج کو اس سیکیورٹی خامی کی اطلاع نہیں دی، یہ کہہ کر کہ کمپنی ممکنہ طور پر معاملے کو چھپانے کی کوشش کرتی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سگنل جو اپنی مضبوط اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے لیے معروف ہے، نے اس کلون ایپ سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے رائٹرز کو بتایا کہ ہم غیر سرکاری ورژنز کی پرائیویسی یا سیکیورٹی کی ضمانت نہیں دے سکتے۔