متحدہ عرب امارات کے سکولوں میں اے آئی کی تعلیم لازمی قرار

کابینہ نے آئندہ تعلیمی سال سے ملک بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں مصنوعی ذہانت کو لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرانے کی منظوری دے دی

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 مئی 2025 15:10

متحدہ عرب امارات کے سکولوں میں اے آئی کی تعلیم لازمی قرار
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی 2025ء ) متحدہ عرب امارات کے سکولوں میں اے آئی کی تعلیم لازمی قرار دیتے ہوئے کے جی کلاس سے گریڈ 12 تک مصنوعی ذہانت کا نیا نصاب متعارف کرا دیا گیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق یو اے ای نے آئندہ تعلیمی سال سے ملک بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کو لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے، یہ فیصلہ یو اے ای کابینہ نے کیا جس کا اعلان نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کیا۔

اس حوالے سے شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کا کہنا ہے کہ کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اُس وقت کے لیے تیار کریں جو ہمارے وقت سے بالکل مختلف ہوگا، یہ فیصلہ یو اے ای کے جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیمی وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد نئی نسل کو بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے، بچوں کو اے آئی کی گہری تکنیکی سمجھ کے ساتھ ساتھ اس کے سماجی و اخلاقی پہلوؤں سے بھی روشناس کرانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ یہ کورس تمام تعلیمی درجات میں مرحلہ وار اور عمر کے لحاظ سے کنڈرگارٹن (کے جی) سے لے کر گریڈ 12 تک موزوں طریقے سے پڑھایا جائے گا، متحدہ عرب امارات کا یہ اقدام عالمی تعلیمی میدان میں ایک انقلابی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو نئی نسل کو اے آئی پر مبنی مستقبل کے لیے مکمل طور پر تیار کرنے کی جانب ایک واضح قدم ہے۔

وزیر تعلیم سارہ بنت یوسف الامیری نے بتایا ہے کہ یہ نیا نصاب وزارت تعلیم کی جانب سے تیار کیا گیا ہے جس میں اور اس میں مصنوعی ذہانت کے بنیادی نظریات جیسے کہ ڈیٹا، الگوردمز، مشین لرننگ، اے آئی ایپلیکیشنز، مصنوعی ذہانت کا سماجی اثر، اخلاقی پہلو، ڈیٹا پرائیویسی، اور الگوردمک فیئرنس شامل کیے گئے ہیں، اس حوالے سے اساتذہ کو مکمل تربیت، وسائل اور جدید منصوبے فراہم کیے جائیں گے۔