شارجہ چلڈرن ریڈنگ فیسٹیول 2025 اختتام پذیر، 167 ممالک سے ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کی شرکت

پیر 5 مئی 2025 23:21

شارجہ چلڈرن ریڈنگ فیسٹیول 2025 اختتام پذیر، 167 ممالک سے ایک لاکھ 25 ہزار ..
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 5 مئی 2025ء)شارجہ چلڈرن ریڈنگ فیسٹیول 2025 اپنی 12 روزہ تقریبات کے بعد کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ "Dive Into Books" کے تھیم کے تحت ایکسپو سینٹر شارجہ میں منعقد ہونے والا یہ 16واں ایڈیشن ادب، علم، اور تخلیقی سرگرمیوں سے بھرپور رہا۔ فیسٹیول میں 167 ممالک سے 1,25,700 سے زائد افراد نے شرکت کی، جو شارجہ کی عالمی ادبی اہمیت کا مظہر ہے۔

اس فیسٹیول میں 22 ممالک کے 122 پبلشرز شریک ہوئے جبکہ 70 ممالک سے ماہرین نے 1,000 سے زائد پروگرامز میں حصہ لیا، جن میں ورکشاپس، تھیٹر شوز، کہانی سیشنز، اور سائنسی مظاہرے شامل تھے۔ "شرلاک ہومز ایگزیبیشن" اور "فیوچر میکرز میوزیم" جیسی نئی پیشکشوں نے بچوں میں سیکھنے اور سوچنے کی دلچسپی پیدا کی۔ شارجہ بک اتھارٹی کے چیئرمین احمد العامری نے کہا کہ یہ فیسٹیول حاکمِ شارجہ عزت مآب شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی اور شیخہ جواہر بنت محمد القاسمی کی وژن کا عکس ہے، جو بچوں میں مطالعے اور تخلیق کی حوصلہ افزائی کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

اختتامی دن بچوں کی کتابوں کے مصوروں اور شاعری کے مقابلے کے فاتحین کو اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر حاکمِ شارجہ نے شارجہ کی پبلک لائبریریوں کے لیے 25 لاکھ درہم مالیت کی کتابیں خریدنے کا اعلان بھی کیا، جس سے مقامی قارئین کو تازہ ترین کتابوں تک رسائی حاصل ہوگی۔

متعلقہ عنوان :