Live Updates

9 مئی پرتشدد واقعات میں ملوث 20 ملزمان کو 6,6 ماہ قیدبامشقت ،50 ہزار فی کس جرمانہ عائد

پیر 5 مئی 2025 21:52

9 مئی پرتشدد واقعات میں ملوث 20 ملزمان کو 6,6 ماہ قیدبامشقت ،50 ہزار فی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2025ء) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے 26 نومبر کے پرتشدد مظاہروں میں اعتراف جرم کے نتیجے میں 82 ملزمان کو قید و جرمانے کی سزا کے بعد 9 مئی کے فسادات میں ترنول ریلوے سٹیشن پر حملہ کرنے کے مقدمہ میں نامزد 20 ملزمان کو بھی اعتراف جرم کرنے پر 6/6 ماہ قید اور 50 ہزار روپے فی کس جرمانے کی سزا سنادی ہے جبکہ 5 ملزمان کو مسلسل عدم حاضری اور دانستہ روپوشی پر اشتہاری قرار دے دیا ہے جبکہ جہانزیب نامی ملزم کو کاروائی مکمل ہونے پر 27 مئی کو اشتہاری قرار دیا جائے گا سپریم کورٹ نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات کو 3 ماہ میں نمٹانے کا حکم دیا تھا گزشتہ روز سماعت کے دوران اعتراف جرم کے خواہشمند ملزمان کو عدالت کی جانب سے پوچھے گئے 6 سوالات کے جواب میں 20 ملزمان نے دوران ٹرائل اقبال جرم کرلیا ملزمان نے عدالت کے روبرو قلمبند کروائے گئے اقبالی بیان میں کہا کہ وہ اپنی مرضی سے اعتراف جرم کر رہے ہیں جس کے لئے نہ ان پر کوئی دباؤ ہے اور نہ کسی لالچ میں بیان دے رہے ہیں ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی گرفتاری کے ردعمل میں قومی اور مقامی قیادت کے اکسانے پر ترنول ریلوے سٹیشن پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی لیکن وہ اپنے اس فعل پر مسلسل شرمندہ ہیں ملزمان نے کہا کہ وہ لمبے عرصے تک ٹرائل کا سامنا نہیں کرسکتے کیونکہ دو سال کے دوران پارٹی نے نہ تو انہیں نہ تو کوئی مالی معاونت دی نہ ہی انہیں قانونی امداد دی گئی جس بنا پر وہ مزید اخراجات بھی برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے ملزمان نے آئندہ کسی احتجاج میں شریک نہ ہونے کی تحریری یقین دہانی کرواتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ وہ خود کو عدالتی رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں لہٰذا عدالت انہیں کم سے کم سزا دے جس پر عدالت نے محمد علی، محمد بلال، علی رحمان، رحمان اللّہ، عامر خان، محمد حاشر، سعید احمد، سرفراز خان، وحید احمد، حمید خان، فرمان خان، نجیب خان، گل نیاز، بختاور شاہ، احسان اللہ، عبداللہ، قاری محمد اقبال، حنیف اللہ اور عزت اللہ پر مشتمل 20 ملزمان کو 6/6 ماہ قید اور 50 ہزار روپے فی کس جرمانے کی سزا سناتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیکر جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کردئیے عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو سزا پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت بھی جاری کردی اعتراف جرم کرنے والے 20 ملزمان 2 سال سے ضمانتوں پر تھے تھانہ ریلوے پولیس نے ترنول ریلوے سٹیشن پر حملہ کرنے کے الزام میں 10 مئی 2023 کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 149، 147، 427، 188، 447، 436 اور ریلوے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ 150/200 افراد نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی گرفتاری کے ردعمل میں 9 مئی کو ترنول ریلوے سٹیشن پر حملہ کر کے عمارت کو نذر آتش کیا پتھروں اور ڈنڈوں سے عمارت کی کھڑکیاں اور دروازے توڑ ڈالے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات