وزیر اقلیتی امور سے ڈاکٹر بشپ یوسف ندیم بھنڈر کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

پنجاب میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق اور بااختیاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 5 مئی 2025 17:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)ہز گریس چرچز انٹرنیشنل یونائیٹڈ کنگڈم کے بانی اور بشپ، ڈاکٹر یوسف ندیم بھنڈر نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور، سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے ان کے کیمپ آفس لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات کا مقصد پنجاب میں مذہبی اقلیتوں کو درپیش مسائل اور ان کے حقوق کے تحفظ، شمولیت اور مساوات کے لیے حکومتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال تھا۔

ڈاکٹر بھنڈر نے مذہبی اقلیتوں کو درپیش سماجی و معاشی چیلنجز، عوامی اداروں میں نمائندگی، بین المذاہب ہم آہنگی اور مساوی ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت کو مذہبی تنظیموں کے ساتھ مل کر امن، برداشت اور کمیونٹی کی ترقی کو فروغ دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق و فلاح کے لیے حکومت پنجاب کی پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں جاری ان اقدامات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی سطح پر اقلیتی ترقی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے تاکہ پالیسیوں کے مؤثر اور شفاف نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔ تعلیم، رہائش اور صحت کے شعبوں میں اقلیتوں کے لیے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بین المذاہب مکالمے اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے صوبائی سطح پر پلیٹ فارمز بھی تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے ڈاکٹر بھنڈر جیسے بیرون ملک مقیم اقلیتی رہنماؤں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے قائدین عالمی سطح پر تعاون اور ہم آہنگی کے پل قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب اور عالمی اقلیتی قیادت کے مابین روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ملاقات کا اختتام باہمی اہداف یعنی مساوات، وقار اور ترقی کے فروغ کے عزم کے ساتھ ہوا۔