سوات ،مختلف واقعات میں 3خواتین کو قتل کردیا گیا

ایک ملزم گرفتار ، دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری

پیر 5 مئی 2025 23:15

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)سوات میں مختلف واقعات کے دوران 3خواتین کو قتل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے ترجمان معین خان نے پیر کے روز بتایا کہ ضلع سوات میں گزشتہ دو دنوں کے دوران تین خواتین کو مختلف واقعات میں قتل کر دیا گیا۔ ان واقعات کی مبینہ وجوہات گھریلو تنازعات اور غیرت کے نام پر قتل بتائی گئی ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق پہلا واقعہ تحصیل مٹہ کے گاں سین پوڑہ میں پیش آیا، جہاں ایوب نامی شخص نے گھریلو جھگڑے کے دوران اپنی بیوی عشرت کو چاقو کے وار سے قتل کر دیا۔

مقتولہ چھ بچوں کی ماں تھی۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہو گیا اور اس کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔دوسرا واقعہ بھی تحصیل مٹہ کے گاں فاضل بیگ سخرہ میں پیش آیا، جہاں محمد ایوب نے اپنی بہن زبیدہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے اس واقعے کو غیرت کے نام پر قتل قرار دیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔تیسرا واقعہ تحصیل کبل کے گاں نصرت میں پیش آیا، جہاں 70 سالہ محمد زادہ نے گھریلو جھگڑے کے دوران اپنی 65سالہ بیوی نورجہاں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم نے خودکشی کی کوشش کی اور اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس نے تینوں واقعات کے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔