Live Updates

شرح سود میں کمی صنعتی بحالی کی جانب پہلا مثبت قدم ہے، مگر یہ ناکافی ہے،شیخ عمر ریحان

پیر 5 مئی 2025 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء) پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PVMA) کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس سے ایک فیصد کی کمی سے شرح سود 11 فیصد پر مقرر کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ملکی معیشت کے لیے ریلیف کا اشارہ ضرور ہے، لیکن صنعتی شعبے کو سنبھالنے کے لیے یہ کمی ناکافی ہے۔

شیخ عمر ریحان نے کہا کہ مسلسل بڑھتی ہوئی لاگت، کمزور خریدار قوت اور مالیاتی مشکلات کے سبب ملک کا پیداواری شعبہ شدید دباؤ کا شکار ہے۔ شرح سود میں یہ معمولی کمی صنعتکاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے ایک مثبت اشارہ تو ہے، مگر مینوفیکچرنگ اور برآمدی شعبے کو درکار سرمایہ کاری، توسیعی منصوبے اور روزگار کی فراہمی کے لیے زیادہ واضح مالی ریلیف کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر افراطِ زر کی شرح میں کمی، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام اور درآمدی دباو? میں کمی اس امر کی نشاندہی کر رہی ہے کہ پاکستان میں بھی پالیسی سازوں کو شرح سود میں جرات مندانہ کمی کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک پر زور دیا کہ وہ شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانے کی پالیسی مرتب کرے تاکہ صنعتی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں کم کی جا سکیں۔

شیخ عمر ریحان نے مزید کہا کہ خوراک کی مصنوعات تیار کرنے والے سیکٹرز، جیسے گھی اور کوکنگ آئل انڈسٹری، کو بینکوں سے فنانسنگ مہنگے داموں حاصل کرنی پڑتی ہے، جس کا بوجھ بالآخر صارفین پر پڑتا ہے۔ شرح سود میں حقیقی کمی سے نہ صرف پیداواری لاگت میں کمی آئے گی بلکہ عوام کو بھی قیمتوں میں ریلیف ملنے کے امکانات روشن ہوں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :