عوام، سیاسی جماعتیں اور ریاستی ادارے اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں،ڈاکٹر شائستہ جدون

پیر 5 مئی 2025 20:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) مسلم لیگ (ن )خواتین ونگ ہزارہ ڈویژن کی صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ خان جدون نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور پاکستان کو دھمکیاں دینا نہ صرف بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ خطہ کے امن کو بھی خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے،ہم بھارت کے اس غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز طرزِ عمل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

پیر کو یہاں اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر شائستہ خان جدون نے کہاکہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور اپنی خودمختاری، سلامتی اور بقا کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا مکمل حق رکھتا ہے۔ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی عوام، تمام سیاسی جماعتیں اور تمام ریاستی ادارے اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر متحد ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سلامتی، وقار اور دفاع کے لیے ہم اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر شائستہ خان جدون نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی اور سرحد پار جارحیت قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے ۔پاکستان ایک پر امن ملک ہے مگر دشمن کی ہر جارحانہ کوشش کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپورصلاحیت رکھتا ہے ۔