Live Updates

نامور قانون دان مرزا نواز جرال کا بہیمانہ قتل انسانیت پر حملہ قاتلوں کو عبرتناک سزا دی جائے، طاہر کھوکھر

منگل 6 مئی 2025 14:53

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء) پاسبانِ وطن پاکستان کے مرکزی صدر محمد طاہر کھوکھر نے بھمبر کے معروف قانون دان سینئر ایڈووکیٹ اور سماجی شخصیت مرزا محمد نواز جرال کے دن دیہاڑے بے رحمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت پر حملہ قرار دیا انہوں نے اس دلخراش واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے تاکہ قانون کا وقار بحال ہو اور آئندہ کوئی ایسی جرأت نہ کرے طاہر کھوکھر نے کہا کہ ایک قانون دان کا دن دہاڑے قتل ہونا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اگر معاشرے کے محافظ خود غیر محفوظ ہوں تو عام شہریوں کے لیے تحفظ کی امید محض خام خیالی بن جاتی ہے اس طرح کے واقعات نہ صرف انصاف کے نظام کو کمزور کرتے ہیں بلکہ پورے معاشرے کو خوف، عدم تحفظ اور بداعتمادی کی فضا میں دھکیل دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرزا نواز جرال نہایت خوش اخلاق، مخلص اور سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار انسان تھے جن کی ناگہانی موت سے نہ صرف قانونی برادری بلکہ پورا خطہ ایک رہنما قانون دان اور ایک عظیم انسان سے محروم ہو گیا ہے۔طاہر کھوکھر نے کہا کہ بے گناہوں کا قتل دراصل پوری انسانیت کا قتل ہے اس کے نتائج ایک فرد یا خاندان تک محدود نہیں رہتے بلکہ ایسے سانحات کئی گھرانوں کو زندگی بھر کے لیے تباہی کی طرف دھکیل دیتے ہیں بچوں سے ان کے والد چھن جاتے ہیں والدین اپنے جوان بیٹوں کے غم میں ٹوٹ جاتے ہیں، اور یتیمی و محرومی کی اذیت نسل در نسل چلتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے پرتشدد رجحانات عدم برداشت اور قانون شکنی کی روش کو روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ایسے عناصر جو قانون کو ہاتھ میں لے کر خود کو طاقتور سمجھتے ہیں درحقیقت ایک بیمار ذہنیت کے عکاس ہیں جن کی فوری بیخ کنی نہ کی گئی تو معاشرہ انارکی کا شکار ہو جائے گا۔طاہر کھوکھر نے حکومتِ آزاد کشمیر اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں اور قانون دانوں سمیت تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔طاہر کھوکھر نے کہا کہ عوام کو برادشت اور صبر سے کام لینا چاہیے عدم برداشت ان کے خاندان کو تباہ کر سکتی ہے ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات