پھٹنے والی پائپ لائن نے کراچی یونیورسٹی کا کروڑوں کا نقصان کر دیا، لیب میں قیمتی کیمیکل ضائع

منگل 6 مئی 2025 14:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء) کینجھرجھیل سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی سائفن کی مرمت تو اتوار کو مکمل ہو گئی ہے تاہم پھٹنے والی پائپ لائن نے کراچی یونیورسٹی کا کروڑوں کا نقصان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں پانی کی لائن پھٹنے سے کروڑوں کا نقصان ہوا ہے، شعبہ کیمسٹری کے بیسمنٹ میں پانی جمع ہونے سے کیمیکل ضائع ہو گئے ہیں۔

شعبہ کیمسٹری میں زیر تعلیم طلبہ کے پریکٹیکل کے لیے اب کیمیکل دستیاب نہیں۔کراچی یونیورسٹی ذرائع نے بتایاکہ پانی بھرنے کی وجہ سے مختلف شعبوں کے بیسمنٹ میں فرنیچر، کمپیوٹر اور دیگر اشیا بھی خراب ہو گئی ہیں، ایسے میں جامعہ کے مختلف شعبوں کے بیسمنٹ سے نکاسی آب جاری ہے۔ گلشن اقبال ٹائون کا عملہ بیسمنٹ سے نکاسی آب کے کام میں منگل کوبھی مصروف رہا، اساتذہ نے کراچی واٹر کارپوریشن سے فوری ازالے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

جامعہ کراچی میں پانی کی 84 انچ کی برسوں کی بوسیدہ پائپ لائن پھٹ گئی تھی، واٹر کارپوریشن نے 96 گھنٹے کے مطلوبہ وقت میں مرمتی کام مکمل کیا، لائن میں شگاف منگل کے روز پڑا تھا، مرمتی کام میں 1971 کی آر سی سی لائن کے متاثرہ حصے کو تبدیل کیا گیا۔پانی کی پائپ لائن پھٹنے سے کراچی یونیورسٹی میں 400 سے زائد مکان اور رہائشی علاقے کی تمام سڑکیں زیر آب آگئی ہیں، گھروں میں پانی داخل ہونے سے بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، پانی جانے کی وجہ سے کئی ڈپارٹمنٹ میں تدریسی عمل بھی معطل رہا جبکہ شعبہ ٹرانسپورٹ ڈوبے ہونے کی وجہ سے طلبہ کی پوائنٹ کی بسیں بھی روانہ نہیں کی جا سکیں۔

اسٹاف کالونی میں رہائش پذیر افراد کو اپنے قریبی عزیزوں کے گھر منتقل ہونا پڑا، کراچی یونیورسٹی میں سیلابی صورت حال ہو گئی تھی، اور سائنس فیکلٹی، ماس کمیونی کیشن، کیمسٹری، فزکس، فارمیسی، اور کمپیوٹر سائنس سمیت مختلف ڈپارٹمنٹ ڈوب گئے تھے۔