Live Updates

تعلیمی اداروں میں نصاب کے ساتھ ہم نصابی و صحت مندانہ سرگرمیاں اور نظم و ضبط انتہائی ضروری ہے،وفاقی وزیر ریلوے

منگل 6 مئی 2025 17:44

تعلیمی اداروں میں نصاب کے ساتھ ہم نصابی و صحت مندانہ سرگرمیاں اور نظم ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں نصاب کے ساتھ ہم نصابی و صحت مندانہ سرگرمیاں اور نظم و ضبط انتہائی ضروری ہے ،تعلیمی معیار ،قابل فیکلٹی ممبران اورمنظم انتظامیہ کی سربراہی میں بہترین تعلیمی ماحول میسر ہوتا ہے ،پاکستان میں خواتین کے لئے پہلی یونیورسٹی محمد نواز شریف نے بنائی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں کھیلوں کے مقابلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی رفعت عباسی،فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا، ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر خرم ،ثمینہ عباسی ،فیکلٹی ممبران کے علاوہ طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے نے کہا کہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں میرے شہر کی بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں ،اگر یہاں کی طالبات نے نام روشن کیا ہے تو ان کے پیچھے فیکلٹی ممبران ہیں جو قابل تحسین ہیں اور میں یہاں ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ آج اس تقریب میں یہ نظر آیا کہ یہاں کا ڈسپلن اور آرگنائزر انتہائی قابل ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ہسپتالوں کو تو تعمیر کیا جارہا ہے لیکن کھیلوں کے میدان نہیں ہیں ،دوسرے ممالک میں کھیلوں کے میدان زیادہ ہیں جس کی وجہ سے وہاں ہسپتال بنانے کی ضرورت نہیں پڑتی،پہلا ہاکی سٹیڈیم وقار النساء کالج میں بنایا اور آج موقع ملا ہے کہ یہاں کی بچیوں کی خدمت کرسکوں ،تمام تعلیمی اداروں میں سہولیات فراہم کیں،فنڈز کا انتظار کرنے کی بجائے تعلیمی اداروں میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں،یہاں کے تعلیمی اداروں میں تمام صوبوں سے بچے پڑھنے آتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وقار النسا کالج میں پہلا کرکٹ فلڈ لائٹس گراؤنڈ اور راولپنڈی میں 14 کروڑ روپے کی لاگت سے خواتین کے پہلے ہاکی سٹیڈیم کی تعمیر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے سابقہ ​​ادوار میں کئے گئے اقدامات تھے۔فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کہا کہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ آج ہم یہاں طالبات کے لئے ایک صحت مند سرگرمیوں کی افتتاحی تقریب کررہے ہیں ،تعلیم اس وقت مکمل نہیں ہوتی جب تک ہم نصابی سرگرمیاں اور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نہ ہو،اس یونیورسٹی کو کھیلوں کے مقابلوں میں قومی سطح پر اعزازات حاصل ہیں ،اگر ہماری یونیورسٹی میں کھیلوں کی مزید سہولیات ہوں گی تو یہاں کی طالبات بین الاقوامی سطح پر اس ملک کا نام روشن کرسکیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خرم نے کہا کہ وزیر ریلوے نے اس سے قبل یونیورسٹی کے لئے بہت سے منصوبوں میں تعاون کیا اور امید ہے کہ آئندہ بھی راولپنڈی کی ہونہار بچیوں کے لئے ترقیاتی منصوبوں پر کام کریں گے۔افتتاحی تقریب میں طالبات نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ،مارشل آرٹس ،ننجا سمیت مختلف انداز میں پرفارمنس پیش کی۔تقریب کے اختتام پر وزیر ریلوے حنیف عباسی کو وائس چانسلر نے شیلڈ پیش کی ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات