شاہ عبداللطیف بھٹائی کے تڑ دادا، حضرت شاہ عبدالکریم بلڑی والے کے 414 ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ روزہ تقریبات اختتام پزید ہوگئیں

منگل 6 مئی 2025 17:51

ٹنڈو محمد خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء) سندھ کے عظیم صوفی بزرگ اور حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے تڑ دادا، حضرت شاہ عبدالکریم بلڑی والے کے 414 ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ روحانی تقریبات اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں۔ ملک بھر سے آئے ہزاروں زائرین، مریدین اور عقیدت مندوں نے ان روح پرور تقریبات میں شرکت کی۔

اختتامی دعا درگاہ کے خلفا نے کرائی، جس میں گدی نشین سید شاہد حسین شاہ کاظمی، بھٹ شاہ کے قائم مقام گدی نشین سید مصطفی حسین شاہ لطیفی، سید اسد علی شاہ کاظمی، امیر بخش خان ملکانی، غلام حسین خان ملکانی، ڈاکٹر میر حسن ترک، سید ارتضی شاہ کاظمی سمیت کئی روحانی شخصیات اور ہزاروں زائرین، مریدین اور عقیدت مندوں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

عرس کی آخری شب درگاہ کے احاطے میں تنبورے کی تاروں پر وجدانی راگ کی محفل سجائی گئی، جہاں صوفی کلام کی مدھم تانوں میں زائرین جھومتے رہے۔

رات کے وقت "سما" کی محفل میں آگ کی مچ پر شاہ لطیف کے بیتوں کی گونج نے سماں باندھ دیا۔ جبکہ شاہ لطیف فانڈیشن کی جانب سے لگائی گئی میڈیکل کیمپ میں پانچ سو سے زائد افراد کا مفت طبی معائنہ اور علاج کیا گیا۔ اس موقع پر سید مصطفی شاہ لطیفی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ اوقاف کی مسلسل بے توجہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ درگاہ کی چھت اور اطراف کی مزارات خستہ حالی کا شکار ہیں بجلی، پانی اور رہائش کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

ہر سال یہی حالات ہوتے ہیں، حکومت سندھ کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ گدی نشین سید شاہد حسین شاہ نے اپنے پیغام میں کہا ہمیں اولیائے کرام کی بتائی ہوئی راہ پر چلنا چاہیے، جو امن، محبت، بھائی چارے اور انسانیت کا درس ہے یہی پیغام صوفیا کا اصل فلسفہ ہے۔عرس کی اختتامی دعاں کے بعد زائرین عقیدت و احترام کے ساتھ اپنے اپنے علاقوں کو روانہ ہو گئے۔جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے باعث تمام تقریبات پرامن ماحول میں مکمل ہوئیں۔ عرس کے اختتام کے بعد تین روزہ ملاکھڑے (روایتی پہلوانی مقابلوں) کا آغاز بھی ہو چکا ہے، جس میں سندھ اور پنجاب کے نامور پہلوانوں کے درمیان زور آزمائیاں ہوں گی۔ ہزاروں شائقین بڑی تعداد میں ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے درگاہ کا رخ کر رہے ہیں۔