یونیورسٹی آف سرگودھا میں ''اسلامی اقدار کا قیادت و حکمرانی پر اثر'' کے عنوان سے خصوصی نشست کا انعقاد

منگل 6 مئی 2025 18:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ''اسلامی اقدار کا قیادت و حکمرانی پر اثر'' کے عنوان سے خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ایلومینائی لیکچر سیریز کے تحت منعقدہ اس نشست کاانعقاد شعبہ علوم السلامیہ اور ایلومینائی آفس کے زیر اہتمام کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے سابق طلبہ اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی اصول نہ صرف اخلاقی اقدار کو فروغ دیتے ہیں بلکہ اچھی حکمرانی کے لیے ایک مستحکم بنیاد فراہم کرتے ہیں۔پروگرام میں پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی لاہور کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہ عبدالرؤف، وزارتِ مذہبی امور اسلام آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد الرحمن، اسکواڈرن لیڈر (ریٹائرڈ) تصور عالم، امبالہ کالج سرگودھا کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ رمضان، چیئرپرسن شعبہ علوم اسلامیہ ڈاکٹر فرحت نسیم علوی، منیجر ایلومینائی آفس ناصر ہارون، فیکلٹی ممبران اور طلبہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

نشست سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حافظ رمضان نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات ایک ذمہ دار اور منصفانہ نظامِ حکمرانی کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ڈاکٹر شاہد الرحمن نے سیرتِ نبوی ﷺ پر عمل کو موثر اور متاثر کن قیادت کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ڈاکٹر شاہ عبدالرؤف نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی اقدار ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں انصاف، دیانتداری اور مساوات اپنانے کی تعلیم دیتی ہیں۔

ڈاکٹر خالد محمود عارف نے کہا کہ جو رہنما اسلامی اصولوں کو اپناتے ہیں، وہ اپنی برادریوں میں اعتماد اور بھروسہ پیدا کرتے ہیں۔تصور عالم نے کہا کہ اسلامی قیادت انسانیت کی خدمت، خلوص اور ہمدردی کا دوسرا نام ہے۔ڈاکٹر فرحت نسیم علوی نے معزز مہمان مقررین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سیشنز موجودہ طلبہ کو سابق طلبہ سے جوڑ کر نہ صرف مستقبل کے قائدین تیار کرتے ہیں بلکہ ایک مشترکہ مقصد اور کمیونٹی کا احساس بھی پیدا کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر ناصر ہارون نے ڈاکٹر فرحت نسیم علوی کو یادگاری شیلڈ پیش کی، جب کہ مہمان مقررین کو اسنادِ شرکت سے نوازا گیا۔