Live Updates

شرح سود میں ایک فیصد کمی موجودہ حالات میں اچھا فیصلہ ہے،رفیق سلیمان

ْ آئندہ دنوں میں شرح سود میں مزید کمی کرکے اسے سنگل ڈیجیٹ تک لایا جائے ،سابق چیئرمین ریپ

منگل 6 مئی 2025 21:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان(ریپ)کے سابق چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انرجی کے کنوینررفیق سلیمان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں ایک فیصد کمی کے فیصلے کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ شرح سود میں کی گئی کمی اگرچہ توقعات کے مطابق نہیں ہے لیکن موجودہ حالات میں یہ ایک اچھا قدم ہے تاہم بزنس کمیونٹی کو امید ہے کہ آئندہ دنوں میں شرح سود میں مزید کمی کرکے اسے سنگل ڈیجیٹ تک لایا جائے گا۔

رفیق سلیمان نے کہا کہ شرح سود کم ہونے سے کاروبار میں بہتری آئے گی بالخصوص کسانو ںکو زیادہ فائدہ ہوگا کیونکہ اگر کسان اپنی کراپ اسلامی بینک سے سستے پیسوں پر لے کر اپنے پاس رکھیں گے تو وہ فائدے میں رہیں گے، خصوصاً چاول،گندم اور مکئی کے کسانوں کو شرح سود کم ہونے سے زیادہ فائدہ ملنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

رفیق سلیمان نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی یہ توقع کررہی تھی کہ شائد 3فیصد کمی سے شرح سود سنگل ڈیجٹ پر آجائے گی کیونکہ حکومت اور اسٹیٹ بینک گورنر خود اعتراف کرچکے ہیں کہ مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن ان دعوں کے برخلاف شرح سود کم کی گئی ،ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمائے کی فراوانی کیلئے شرح سود کو سنگل ڈیجٹ تک لایا جائے تاہم مانیٹری پالیسی کمیٹی کی جانب سے ایک فیصد کم کرنے کا فیصلہ بھی ملکی معیشت کے لیے ریلیف کا اشارہ کررہا ہے۔

رفیق سلیمان نے کہا کہ صنعتکاراپنی صنعتی اور برآمدی صلاحیت کو مکمل طور پراسی وقت بروئے کار لا سکتے ہیں کہ جب شرح سود کو حقائق کی بنیاد پر مقرر کیا جائے،نئی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگی تو روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات