Live Updates

نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ آجسے کراچی میں شروع ہوگا

ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی،پانچوں کپتان اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم

منگل 6 مئی 2025 21:12

نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ آجسے کراچی میں شروع ہوگا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کل (بدھ) کراچی میں شروع ہورہا ہے ۔ ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ میچز نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ہائی پرفارمنس سینٹر اوول گرائونڈ میں کھیلے جائیں گے۔پہلے روز دو میچ کھیلے جائیں گے۔ قومی ون ڈے چیمپئن اسٹارز کا مقابلہ اسٹرائیکرز سے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ اوول گرائونڈ پر کانکررز کا مقابلہ انونسیبلز سے ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں شریک پانچ ٹیمیں چیلنجرز، کانکررز ، انونسیبلز ، اسٹارز اور اسٹرائیکرز ہیں۔ ڈبل لیگ فارمیٹ میں ہر ٹیم آٹھ میچز کھیلے گی اور مجموعی طور پر 22 میچز کھیلے جائیں گے۔پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں 22 مئی کو کوالیفائر میں آمنے سامنے ہوں گی جس میں فاتح 24 مئی کو فائنل میں ٹاپ رینک ٹیم سے مقابلہ کرے گا۔

(جاری ہے)

فائنل نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 80 کرکٹرز حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم تیس لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ فاتح ٹیم کو 15 لاکھ روپے ملیں گے جبکہ رنرز اپ کو 10 لاکھ روپے ملیں گے۔پانچ قومی کھلاڑی جو حال ہی میں ختم ہونے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر 2025 میں پاکستان کے فاتح اسکواڈ کا حصہ تھیں اس ٹورنامنٹ میں اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کررہی ہیں جن میں فاطمہ ثنا(کانکررز)گل فیروزہ (اسٹرائیکرز) منیبہ علی(انونسیبلز)سدرہ امین( اسٹارز)اور رامین شمیم (چیلنجرز)شامل ہیں۔

پانچوں کپتان نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں متوقع کارکردگی کے بارے میں پراعتماد نظر آتی ہیں ۔کانکررز کی کپتان فاطمہ ثناء نے کہاکہ ہم ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، تمام کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بے تاب ہیں۔ہماری ٹیم ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل نہیں جیت سکی لیکن یہ ٹی ٹوئنٹی ایونٹ ہے اور ہم کوشش کریں گے کہ وہی غلطیاں نہ دوہرائیں اور اس مقابلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

چیلنجرز کی کپتان رامین شمیم نے کہاکہ ہم نے کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر ٹورنامنٹ کے لیے پلان بنایا ہے اور میدان میں ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ہمارے پاس ایک متوازن اسکواڈ ہے اور ہمارا مقصد ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں اچھے نتائج دینا ہے۔انونسیبلز کی کپتان منیبہ علی نے کہاکہ ہم ایک وقت میں ایک میچ کے بارے میں سوچیں گے اور ٹورنامنٹ میں مومینٹم حاصل کرنے کے لیے ابتدائی میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

میں ٹورنامنٹ میں ٹیم کی بہتر کارکردگی میں اپنا زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گی۔اسٹارز کی کپتان سدرہ امین نے کہاکہ ہماری ٹیم نے پچھلا ایک روزہ ٹورنامنٹ جیتا تھا اس لیے ہم اس ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اچھا ہدف رکھیں گے۔ ہم کراچی میں باقاعدگی سے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کھیلتی رہی ہیں اس لیے ہم کنڈیشنز سے واقف ہیں اور ٹورنامنٹ میں بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے پراعتماد ہیں۔اسٹرائیکرز کی کپتان گل فیروزہ نے کہاکہ ہم نے ٹورنامنٹ کی تیاری کا اچھا کیمپ لگایا ہے اور ہماری ٹیم کی نوجوان کھلاڑی موقع ملنے پر پرفارم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ میں پر امید ہوں کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور ٹورنامنٹ میں بہتر نتائج دے گی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات