Live Updates

بھارت نے اپنی حدود سے بزدلانہ حملہ کیا

پاکستانی فضائیہ متحرک ہے بھارتی طیاروں کو پاکستان کی حدود میں نہیں آنے دیا، پاکستان وقت کا تعین کر کے بھرپور جواب دے گا، ترجمان پاک فوج کا ردعمل

muhammad ali محمد علی بدھ 7 مئی 2025 01:25

بھارت نے اپنی حدود سے بزدلانہ حملہ کیا
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 06 مئی 2025ء ) بھارت نے پاکستان پر میزائل حملے کر دیے، ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت نے اپنی حدود سے بزدلانہ حملہ کیا، پاکستانی فضائیہ متحرک ہے بھارتی طیاروں کو پاکستان کی حدود میں نہیں آنے دیا، پاکستان وقت کا تعین کر کے بھرپور جواب دے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے کئی شہروں میں زور دار دھماکے ہونے کے بعد تصدیق کی گئی ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ بھارت نے پاکستان کے 3 مقامات پر میزائل حملے کیے ہیں۔ آزاد کشمیر میں کوٹلی اور مظفرآباد کے علاوہ بہاولپور میں بھارت نے اپنی فضائی حدود سے میزائل داغے۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ متحرک ہے بھارتی طیاروں کو پاکستان کی حدود میں نہیں آنے دیا۔

بھارت نے شرمناک اور بلااشتعال حملہ کیا ہے، میزائل حملے کے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ بزدل دشمن بھارت کے ان حملوں کا پاکستان بھرپور جواب دے گا، پاکستان وقت کا تعین کر کے بھرپور جواب دے گا۔ اس سے قبل دیر رات کو ملک کے 2 بڑے شہروں میں زور دار دھماکے ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے شہر بہاولپور اور آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد میں دیر رات کو دھماکے ہوئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بہاولپور میں 4 دھماکوں کے بعد رات کے وقت آسمان پر تیز روشنی چھا گئی جبکہ پورا شہر لرز اٹھا۔ دھماکوں کے بعد شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بھی زوردار دھماکے سنائی دیے گئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات