جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے چھٹے کانووکیشن کا انعقاد 8 مئی کو ہو گا

بدھ 7 مئی 2025 15:57

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کا چھٹا جلسہ تقسیمِ اسناد 8 مئی 2025 کو گریس ٹو مارکی سیالکوٹ کینٹ میں منعقد کیا جا رہا ہے جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ہوں گے ۔کانووکیشن میں بی ایس (2018-22)، ایم اے/ایم ایس سی (2020-22)، ایم ایس (2020-22)اور پہلی بار پی ایچ ڈی کی طالبات کو ڈگریاں دی جائیں گی۔

یونیورسٹی میں کانووکیشن کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں کانووکیشن کور کمیٹی کا ایک اہم اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کی زیر صدارت ہواجس میں کانووکیشن کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کنٹرولر امتحانات ملک گلشان اسلم نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلا س کے بعد وائس چانسلر ،کنٹرولر ملک گلشان اسلم ،رجسٹرار اعجاز احمد اور چیف سکیورٹی آفیسر صہیب سلیم نے کانووکیشن کے مقام گریس ٹو مارکی کا دورہ بھی کیا ۔

(جاری ہے)

کنٹرولر آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق تمام گریجویٹ ہونے والی طالبات کے لیے ریہرسل 7 مئی 2025 کو لازمی قرار دی گئی جس میں 6طالبات کو گیٹ انٹر ی پاس اپنے متعلقہ شعبے سے حاصل کرنے ہوں گے۔آج مورخہ 7 مئی کوکانووکیشن گاون اور کیپ کی تقسیم بلقیس ایدھی بلاک سے کی گئی۔یونیورسٹی انتظامیہ نے کانووکیشن میں شرکت کرنے والی تمام طالبات کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ تمام تر قواعد و ضوابط اور طے شدہ شیڈول پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ یہ تاریخی موقع باوقار اور خوش اسلوبی سے مکمل کیا جا سکے۔