ہسپتالوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل

بائیو میڈیکل سامان ،جان بچانے والی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے‘سیکرٹری صحت

بدھ 7 مئی 2025 17:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان کی زیرصدارت اپنے دفترمیں اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹریزطارق محمودرحمانی اورذیشان شبیررانا،ایڈیشنل سیکرٹریزاور ڈپٹی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ افسران نے اس حوالہ سے بریفنگ بھی دی۔صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہاکہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظرہسپتالوں کو الرٹ کر چکے ہیں۔ہسپتالوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل ہیں۔سیکرٹری صحت پنجاب نے کہاکہ ہسپتالوں میں موجود بائیو میڈیکل سامان کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ہسپتالوں کے بلڈ بنکس میں خون کے سٹاک کو یقینی بنایا جائے۔ ہسپتالوں میں ایچ آر کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ محکمہ جات سے کوارڈی نیشن میں ہیں۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر ڈاکٹرز کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو لوکم کی بنیاد پر مختلف سپیشلٹیز میں میڈیکل افسران، ویمن میڈیکل افسران، سینیئر رجسٹرارز اور کنسلٹنٹس کی ہائرنگ کیلئے بھی مراسلہ لکھ دیا گیا ہے۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہسپتالوں میں موجودرہنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :