کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی ہم بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،عامرعبدالغفار لون

بدھ 7 مئی 2025 18:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون نے بھارت کی جانب سے بہاولپور،کوٹلی اور مظفرآباد پر میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی جارحیت اور خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہی.انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی ہم بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں قوم تسلی رکھے ہمارے بہادر سپاہی منہ توڑ جواب دینگے پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایسی اشتعال انگیز کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ہر قسم کی دشمنی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے پاکستانی علاقوں کو نشانہ بنائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک رویے کا فوری نوٹس لے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری پاکستانی وکشمیری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے پیچھے متحد ہے، بھارت کے بزدلانہ اقدامات ایک فاشسٹ حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے علاقائی امن و سلامتی داؤ پر لگانے کے لیے تیار ہے۔انھوں نے دوٹوک طور پر کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار اور باصلاحیت ہیں۔