پشتونخوا میپ مظلوم طبقات کی حمایت اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے،عبدالقہار ودان

بدھ 7 مئی 2025 23:09

ژوب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ژوب ضلع کمیٹی کا اجلاس صوبائی صدر عبدالقہار ودان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں صوبائی جنرل سیکریٹری کبیر افغان صوبائی ایگزیکٹوز حیات خان میرزئی جمال محمد مندوخیل اور اقبال خان بٹیزئی نے شرکت کی اجلاس میں تنظیمی اور سیاسی فعالیت پر سیر حاصل بحث ہوئی اور کمیٹی ممبران نے اپنی فعالیت میں مزید بہتری اور پارٹی پیغام کو عام کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پختہ عزم کا اعادہ کیا صوبائی صدر قہار خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی پشتونخوا وطن مظلوم طبقات اور جمہوریت پر یقین رکھنے والے عوام کی واحد نمائندہ اور نجات دہندہ جماعت ہے پارٹی چیئرمین مشر محمود خان اچکزئی اس وقت تمام اپوزیشن پارٹیوں کی سربراہی کرتے ہوئے تمام اقوام کے حقوق اور آئین کے تحفظ جمہوریت کی بحالی پارلیمنٹ کی بالادستی پشتون عوام کی عزت و ناموس سر و مال کے تحفظ کے لیے ملک بھر کے عوام کے لیے امید کی کرن ہیں اجلاس میں ضلع بھر میں ترقیاتی کاموں کی غیر معیاری اور غیر ضروری تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نیو اڈہ بائی پاس وانہ روڈ اور بازار کے اندر زیر تعمیر سڑکوں کی بر وقت تکمیل اور معیاری بنانے کا مطالبہ کیا ہے اور موجودہ فارم نمبر 47 کے جعلی حکمرانوں کی اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی کی وجہ سے تمام بڑے منصوبے با اثر افراد کو ٹھیکے پر دے کر ایڈوانس میں رقم نکال کر کام ادھورے چھوڑ جاتے ہیں جس کو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کسی صورت برداشت نہیں کر سکتی اگر تمام منصوبوں کی بروقت اور معیاری تعمیر یقینی نہیں بنائی گئی تو پارٹی عوامی حمایت سے ہر قسم پر امن احتجاج اور قانونی چارہ جوئی کرنے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی