بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کیلئے لوئردیر میں ریلی، ہزاروں افراد کی شرکت

بدھ 7 مئی 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) بھارتی جارحیت کے خلاف اورافواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کیلئے لوئردیرمیں بدھ کواحتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔لوئردیرکے سب سے بڑے ٹائون معیارجندول میں ہونے والے مظاہرے میں ہزاروں کی تعدادمیں لوگوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین سے تمام سیاسی جماعتوں کے علاقائی رہنمائوں نے خطاب کیا اورہندوستانی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑنے کے عزم کااعلان کیا۔

مظاہرین سے عوامی نیشنل پارٹی،پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی،جمعیت علمائے اسلام،تحریک انصاف اورجماعت اسلامی کے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے جس جارحیت کاارتکاب کیاہے اس کے خلاف دیراپر اور دیرلوئرسمیت پورے ملاکنڈڈویژن کے عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت نے بزدلوں کی طرح جس طرح رات کی تاریکی میں عام شہریوں اورمساجد کونشانہ بنایاہے وہ قابل مذمت ہے اوربین الاقوامی برادری کوبھارت کے اس جارحیت کی بھرپورمذمت کرنی چاہئے۔

اس موقع پرشرکاء نے بھارت کے خلاف افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑنے کے عزم کااعادہ کیا اورکہاکہ کشمیرپاکستان کاحصہ تھا، ہے اور رہے گا، بھارت غیرقانونی قبضہ کے ذریعہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کودبا نہیں سکتا۔دریں اثناء لوئر اوراپردیر کے دیگر مقامات پربھی بھارتی جارحیت کے خلاف مظاہرے ہوئے ۔