Live Updates

بھارتی جارحیت ناقابلِ قبول ہے، پاکستان نے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے دشمن کو خوب دھول چٹائی ہے، ڈاکٹر شائستہ جدون

جمعرات 8 مئی 2025 11:10

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ ہزارہ ڈویژن کی صدر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ خان جدون کہا ہے کہ بھارتی جارحیت ناقابلِ قبول ہے، پاکستان نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے صحیح معنوں میں دشمن کو خوب دھول چٹائی ہے، بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر کئے گئے حملے ناقابل قبول ہیں۔ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرزمین اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا، یہ حملے بلا اشتعال ہیں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، بھارت کی جانب سے شہری علاقوں، معصوم خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے پر ہم ان حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، یہ درندگی ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شائستہ جدون نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کی حمایت کے ساتھ دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے، بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان کے معصوم شہریوں اور مساجد کو بزدلانہ طور پر نشانہ بنایا، پاک فوج نے بھارت کے اس بزدلانہ حملہ کا منہ توڑ جواب دیا، پاکستان کی 24 کروڑ عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے نہ صرف پاکستانی خودمختاری پر حملہ ہیں بلکہ عالمی امن کیلئے بھی ایک سنگین خطرہ ہیں، پوری قوم اس وقت پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، بھارت نے ہمیشہ پیٹھ میں چھرا گھونپنے کی کوشش کی ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی افواج نے دشمن کے ان حملوں کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیکر یہ ثابت کیا کہ وہ قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے، ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی اس کھلی جارحیت کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے موثر کردار ادا کرے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات