پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کو خون کے عطیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔آئی جی پنجاب

جمعرات 8 مئی 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تھیلیسیمیا سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ پنجاب پولیس اپنے ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے علاج معالجے کیلئے پر عزم ہے جس کے تسلسل میں پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کو خون کے عطیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

لاہور سمیت تمام اضلاع میں تھیلیسیمیا کے خلاف مصروف عمل اداروں کے ساتھ بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے جا رہے ہیں۔پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو ہمارے پھول پراجیکٹ کے تحت طبی اخراجات کیلئے ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔صوبہ بھر میں پولیس ملازمین کے رجسٹرڈ 161بچوں کو فی کس ماہانہ 15ہزار روپے کی ادائیگی باقاعدگی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو رواں سال اب تک 70 لاکھ روپے سے زائد فنڈز دئیے گئے ہیں جبکہ گذشتہ سال دو کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائدرقم پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں پر خرچ کی گئی تھی۔تھیلیسیمیاسے متاثرہ بچوں کے علاج معالجے کیلئے مختلف ہسپتالوں اور فلاحی اداروں کے اشتراک سے اقدامات جاری ہیں۔تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی مدد کیلئے پنجاب پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔