ہاسپٹیلیٹی کمیٹی کے زیراہتمام ''گرینیزکچن''کی بانی فوزیہ بدر کے ساتھ لاہورپریس کلب میں ایک خصوصی نشست کا انعقاد

جمعرات 8 مئی 2025 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) لاہورپریس کلب کی ہاسپٹیلیٹی کمیٹی کے زیراہتمام ''گرینیزکچن''کی بانی سی ای او اورای بزنس ٹرینر فوزیہ بدر کے ساتھ نثارعثمانی آڈیٹوریم لاہورپریس کلب میں ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب کی صدارت جوائنٹ سیکرٹری وچیئرمین ہاسپٹیلٹی کمیٹی عمران شیخ نے کی ۔ نائب صدر صائمہ نواز ،سینئر صحافی سعدیہ صلاح الدین ، سعدیہ قریشی ، فرزانہ چودھری اور عطیہ زیدی تقریب کی مہمانان اعزاز تھیں۔

تقریب کی نقابت تمثیلہ چشتی نے کی ۔گرینیزکچن کی بانی فوزیہ بدر نے ایک عام گھریلو خاتون سے کامیاب بزنس ویمن بننے کے سفر کی روداد سناتے ہوئے شرکاکو بتایاکہ عالمی وباکووڈ 2019 کے دوران ان کے شوہر جو ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں اہم عہدے پر فائز تھے ، ڈاون سائزنگ کا شکار ہوگئے، انہوں نے جس طرح اپنے بچپن اور جوانی میں اپنی والدہ ، نانی اور دادی کو گھریلو طور پر مصالحے اور جوس وغیرہ تیار کرتے ہوئے دیکھا، ان تجربات کو انہوں نے کووڈ میں اپنے شوہر کی بیروزگاری کے دوران استعمال سے اپنے کاروبار کو مستحکم کیا اور آج گرینیز کچن ایک برانڈ کی حیثیت رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

فوزیہ بدر نے کہاکہ خواتین اگر اپنی صلاحیتوں اور ہنر پر اعتماد کرتے ہوئے کوشش کریں تو کاروبار کے میدان میں بھی کامیاب ہوسکتی ہیں ۔ اس موقع پرسوال وجواب کاسیشن بھی ہوا ۔ چیئرمین ہاسپیٹلیٹی کمیٹی عمران شیخ نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے ہوئے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ لاہورپریس کلب کی خواتین ممبران فوزیہ بدر کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں گی اور صحافت کے اس مشکل دورمیں اپنے اور اپنی فیملیز کیلئے کامیاب بزنس ویمن بنیں گی ۔