بلاول بھٹو زرداری کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی ایک بار پھر شدید مذمت

منگل 5 اگست 2025 16:19

بلاول بھٹو زرداری کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کے یکطرفہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی ایک بار پھر شدید مذمت کرتے ہوئے یومِ استحصال کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کے غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ 5 اگست کا دن جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب 2019 میں بھارت نے جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کر کے نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں بلکہ کشمیری عوام کی خواہشات کو بھی ایک بار پھر روند ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران بی جے پی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں نوآبادیاتی عزائم پر مبنی پالیسیوں کو تیزی سے نافذ کیا ہے، جن کا مقصد کشمیریوں کی شناخت کو مٹانا، ان کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنا اور انہیں سیاسی طور پر بے اختیار بنانا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مودی راج کی طرف سے حلقہ بندیوں میں غیر منصفانہ رد و بدل، غیر کشمیریوں کو ووٹر لسٹوں میں شامل کرنے، اور بیرونی افراد کو ڈومیسائل جاری کرنے جیسے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام اقدامات مقبوضہ کشمیر کو کشمیریوں کے ہاتھوں سے چھیننے کی سازش کا حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف غیر قانونی ہی نہیں بلکہ پوری ایک قوم کے خلاف جارحیت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے زور دیا کہ یومِ استحصال نہ صرف بھارتی اقدامات کی مذمت کا دن ہے بلکہ یہ موقع ہے کہ ہم پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ اپنے پختہ عزم اور اخوت کا اعادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام، اور خاص طور پر پاکستان پیپلز پارٹی، کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم تب تک سکھ کا سانس نہیں لیں گے جب تک انہیں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔

انہوں نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی کشمیر کاز سے تاحیات وابستگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی میراث کو آگے بڑھاتے رہیں گے، اور ہم کشمیر کے لوگوں کو ان کی تاریک گھڑی میں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام کی جرات اور مزاحمت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی جدوجہد صرف زمین کی نہیں بلکہ شناخت، انصاف اور آزادی کی ہے۔

یہ جدوجہد ہر اس قوم کے لیے قابلِ احترام ہے جو جمہوریت اور انسانی وقار پر یقین رکھتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر پاکستان کی مستقل سفارتی اور حکمتِ عملی کی کوششوں پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان کوششوں کے پیچھے کارفرما قومی یکجہتی اور پختہ عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خاص طور پر "آپریشن بنیان المرصوص" کی شاندار کامیابی کو اجاگر کیا، جو پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے درمیان گہرے اور ناقابلِ شکست رشتے کی ایک روشن علامت ہے۔

انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور مہذب دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر اپنی خاموشی توڑیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ ان لوگوں کو معاف نہیں کرے گی جو اپنی آنکھوں کے سامنے ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھا سکتے تھے مگر چپ رہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہو، اس سے پہلے کہ مزید وقت، مزید عزتیں اور مزید جانیں ضائع ہو جائیں۔